اسرائیلی فوج نے پیر کو اعلان کیا کہ اس نے ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے خلاف لبنان کے ہر حصے میں حملے کیے ہیں، جس کا ردعمل حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سامنے آیا۔
فرانس پریس کے مطابق جنوبی لبنان کے گاؤں کے باشندے اپنے گھروں سے بھاگ کر شہر صیدا میں پہنچ گئے، جہاں ٹریفک کا شدید رش دیکھنے میں آیا، کیونکہ اسرائیل نے فوری فضائی حملوں کی وارننگ دی تھی۔
اسرائیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا:حزب اللہ کے اسرائیل پر راکٹ داغنے کے جواب میں ہم نے دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے اہداف کو لبنان بھر میں نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے پیر کی صبح اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جنہیں ایران کے اعلیٰ رہنما علی خامنہ ای کے قتل کے ردعمل کے طور پر بتایا گیا۔
بیروت کے جنوبی مضافات کو اسرائیلی حملوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ دھماکوں کی آواز شہر بھر میں سنی گئی۔
لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے حزب اللہ کے حملے کی مذمت کی اور کہا:چاہے جس بھی گروپ نے یہ حملہ کیا، یہ غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے جو لبنان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالتا ہے اور اسرائیل کو مزید حملوں کا جواز دیتا ہے۔ ہم ملک کو نئے بحرانوں میں نہیں گھسانے دیں گے اور عوام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
یہ تصادم مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کا حصہ ہے، جو ہفتے کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ حزب اللہ کو ایران کےایرانی انقلابی گارڈ کورنے 1982 میں قائم کیاتھااور یہ خطے میں تہران کا اہم اتحادی ہے۔