مجتبیٰ خامنہ ای بخیریت ہیں اور ریاستی نظام مکمل طور پر فعال ہے:ایرانی وزارت خارجہ

ہمارے دفاعی عزم کا امتحان نہ لیا جائے:ایرانی سپیکر پارلیمنٹ کی امریکہ کو دھمکی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بیان جاری کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای مکمل طور پر بخیریت ہیں اور ایرانی ریاست کا نظام پوری فعالیت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

اسماعیل بقائی نے ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ سپریم لیڈر کی صحت اچھی ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہماری ریاست کا نظام بہترین طریقے سے چل رہا ہے۔ ان کے بہ قول ہماری مسلح افواج ایرانی دفاعی منصوبوں کے مطابق کام کر رہی ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمارے عوام اس وحشیانہ اور جارحانہ اقدام کے خلاف متحد ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری سنہ 2026ء کو ایران کے خلاف ایک فوجی آپریشن شروع کیا تھا جس میں تہران سمیت ایران کے اہم شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے جواب میں ایرانی پاسداران انقلاب نے اسرائیل کے ساتھ ساتھ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، اردن، قطر اور کویت میں مختلف مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

ایران پر ہونے والے ان حملوں کے نتیجے میں سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور کئی دیگر اہم ایرانی قائدین جاں بحق ہو گئے تھے جس کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنے والد کا جانشین منتخب کیا گیا تھا۔

اسی دوران ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قاليباف نے امریکہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے اپنے دفاع کے عزم کا امتحان نہ لے۔ یہ بیان امریکی میڈیا میں مشرق وسطیٰ میں مزید فوجیوں کی تعیناتی کی خبریں سامنے آنے کے بعد دیا گیا ہے۔

قاليباف جو اس وقت ایران میں انتہائی بااثر شخصیت سمجھے جاتے ہیں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم خطے میں امریکہ کی تمام نقل و حرکت بالخصوص افواج کی تعیناتی کے عمل کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ہمارے ملک کے دفاع کے عزم کو آزمانے کی کوشش نہ کی جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں