سعودی عرب کی مقامی سیاحت میں سنہ 2026ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران 16 فیصد اضافہ

اسی مدت میں مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی مجموعی تعداد کا تخمینہ 37.2 ملین رہا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کی مقامی سیاحت کے نتائج میں گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً 16 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ مقامی سیاحوں کی تعداد کا تخمینہ 28.9 ملین لگایا گیا ہے۔

مقامی سیاحت سے مراد شہریوں کی اپنے معمول کے ماحول سے ملک کے اندر دوسرے مقامات کی جانب مختلف سرگرمیوں کے لیے نقل مکانی ہے، بشرطیکہ اس سفر کا بنیادی مقصد اس مقام پر آمدنی والی کسی سرگرمی میں حصہ لینا نہ ہو۔

نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسی مدت کے دوران مقامی سیاحت پر ہونے والے مجموعی اخراجات 34.7 ارب ریال تک پہنچ گئے، جس میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سعودی وزارتِ سیاحت نے واضح کیا ہے کہ یہ نتائج مقامی طلب کی قوت اور مملکت میں سیاحتی شعبے کی مسلسل حمایت کی عکاسی کرتے ہیں۔ علاقائی صورتحال میں اتار چڑھاؤ کے باوجود یہ اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ سیاحتی طلب کے محرکات متنوع ہیں اور سعودی سیاحت کا شعبہ بحرانوں سے نمٹنے، مارکیٹ کے استحکام اور سیاحوں کی آمد کو یقینی بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

اسی تناظر میں وزارتِ سیاحت کے ابتدائی اعداد و شمار نے انکشاف کیا ہے کہ سنہ 2026ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران مملکت میں مقامی اور بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کی مجموعی تعداد تقریباً 37.2 ملین رہی، جبکہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحت پر ہونے والے مجموعی اخراجات کا تخمینہ 82.7 ارب سعودی ریال لگایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں وزارت سیاحت نے رمضان المبارک اور عید الفطر کی سکولوں کی چھٹیوں کے دوران مقامی سیاحت کی "مضبوط کارکردگی" کا اعلان کیا ہے۔ ان چھٹیوں میں مملکت کے مختلف مقامات کا رخ کرنے والے مقامی سیاحوں کی تعداد 10.0 ملین تک پہنچ گئی، جس میں 14 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ اسی مدت کے دوران مقامی سیاحتی اخراجات 10.2 ارب ریال رہے، جو گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہیں۔

وزارت سیاحت نے زور دے کر کہا ہے کہ یہ اشارے سعودی سیاحتی منڈی کی مضبوطی اور لچک کی عکاسی کرتے ہیں، جسے مقامی طلب کی قوت اور سیاحتی نمونوں کے تنوع سے سہارا مل رہا ہے، جس سے اس شعبے کے استحکام اور ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کی صلاحیت مزید مستحکم ہوتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں