سعودی عرب : وزٹ ویزوں پر حج کی کوششوں کے خلاف ایک لاکھ ریال تک کے جرمانوں کا اعلان
وزارت حج کے مطابق حج پرمٹ کی پابندی اللہ کے مہمانوں کے امن و سلامتی کو یقینی بناتی ہے
سعودی وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہر اس شخص پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا جس نے کسی ایسے فرد کے لیے کسی بھی قسم کا وزٹ ویزا جاری کرنے کی درخواست دی جس نے بغیر اجازت حج ادا کیا یا اس کی کوشش کی، یا وہ مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ میں داخل ہوا یا وہاں قیام پذیر رہا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ان افراد کی تعداد کے حساب سے جرمانہ بھی بڑھتا جائے گا جن کے لیے وزٹ ویزے جاری کیے گئے تھے اور انہوں نے بغیر اجازت حج کی کوشش کی یا مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ میں داخل ہوئے یا وہاں قیام کیا۔
وزارت داخلہ نے تمام افراد سے اس سال کے حج سیزن (1447ھ) کے لیے جاری کردہ ہدایات کی پابندی کرنے اور اللہ کے مہمانوں کے امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزارت نے زور دیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ساتھ ہی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور الشرقیہ صوبوں میں (911) پر اور مملکت کے باقی صوبوں میں (999) پر دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
دوسری جانب بیرونِ ملک سے حجاج کرام کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے فرضی حج گروپوں اور اندرونِ ملک حجاج کی خدمت کرنے والے غیر مجاز دفاتر کے خلاف اپنے انتباہ کی تجدید کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے دھوکے بازوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں جو حج کی فرضی خدمات کی تشہیر میں ملوث ہیں۔
دوسری جانب وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ حج پرمٹ کی پابندی اللہ کے مہمانوں کے امن و سلامتی کو یقینی بناتی ہے اور انہیں آسانی و اطمینان کے ساتھ مناسک ادا کرنے میں مدد دیتی ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ پرمٹ کے ذریعے ہجوم کو منظم طریقے سے سنبھالنے، حجاج کی متوازن نقل و حرکت اور مقررہ مقامات و اوقات میں زمینی خدمات کی تیاری کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔ وزارت نے خبردار کیا ہے کہ حج قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف قانونی سزاؤں کا باعث بنتی ہے بلکہ اس کے حجاج کی سلامتی اور خدمات کے معیار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وزارت نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن اشتہارات اور غیر مجاز ٹور آپریٹروں سے بھی ہوشیار رہنے کی تاکید کی ہے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ مختلف ممالک میں حج مشن کے دفاتر کے ساتھ ہم آہنگی جاری ہے تاکہ قانونی طریقہ کار کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے اور حجاج کو ان کے ملک سے روانگی سے قبل ہی رہنمائی مل سکے، جس سے ان کے سفر کو منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
وزارت نے حج کے خواہش مند تمام افراد کو ہدایات کی پابندی کرنے اور کسی بھی بکنگ یا ترتیب سے پہلے حج پرمٹ کی موجودگی یقینی بنانے کی دعوت دی ہے۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا ہے کہ "بغیر پرمٹ کوئی حج نہیں" کا اصول ہی اللہ کے مہمانوں کے تحفظ کا ضامن ہے۔
-
سعودی کھجوروں کی برآمدات 1.9 بلین ریال کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں
سعودی عرب نے کھجوروں اور نخلستان کے شعبے میں بڑی کامیابی حاصل کرلی ۔ 2025 کے دوران ...
مشرق وسطی -
سعودی عرب کا وژن 2030: زیادہ تر اہداف حاصل، تکمیل کا آخری مرحلہ باقی
تقریباً 10 برس قبل اعلان کے بعد سعودی وژن 2030 آج بھی گزشتہ برسوں کی کامیابیوں پر ...
مشرق وسطی -
سعودی عرب میں 562 تاریخی قصبوں کی بحالی کے پروگرام کا آغاز
سعودی عرب تاریخی قصبوں اور دیہات کو بحال کرنے کے لیے ایک قومی پروگرام شروع کرنے کی ...
مشرق وسطی