تیز رفتار ریلوے میں اللہ کے مہمانوں کے لیے 21 لاکھ 10 ہزار نشستیں مختص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی ریلوے کمپنی ''سار'' نے اعلان کیا ہے کہ حج 1447ھ کے دوران تیز رفتار ریلوے کی آپریشنل گنجائش کو بڑھا کر 21 لاکھ 10 ہزار سے زائد نشستوں تک کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام حجاج کی خدمت میں مسلسل توسیع اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔یہ اضافہ ''سار'' کی مکمل تیاری اور اعلیٰ معیار کی سفری خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔

اس سال کی آپریشنل گنجائش گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد نشستوں کے اضافے کے ساتھ ہے، جبکہ حج سیزن کے دوران مجموعی طور پر 5308 ٹرین سفر کیے جائیں گے، جو تقریباً 11 فیصد اضافہ ہے۔

رش کے اوقات میں روزانہ ٹرینوں کی تعداد 142 سے زائد تک پہنچ جائے گی، جس سے حجاج کے سفر میں زیادہ روانی، انتظار کے وقت میں کمی اور مجموعی سفری تجربے کے معیار میں بہتری آئے گی۔

منگل 5 مئی کو پہلی بار حجاجِ بیت اللہ کی تیز رفتار ریلوےکے ذریعے باقاعدہ سفر کا آغاز ہوگا۔ یہ سفر کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسٹیشن سے مکہ مکرمہ اسٹیشن تک کیا جائے گا، جو حج 1447ھ کے دوران حجاج کی نقل و حمل کے عملی مرحلے کا حصہ ہے۔

اسی دوران قطارِ حرمین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان اللہ کے مہمانوں کی خدمت جاری رکھے گا۔

قطارِ حرمین کے بیڑے میں 35 ٹرینیں شامل ہیں، ہر ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے۔ یہ نظام کاربن اخراج سے پاک ہے، جس کی وجہ سے یہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

اس کے علاوہ یہ سڑکوں پر دباؤ کم کرنے اور سفر کی سلامتی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔یہ ٹرین تقریباً 453 کلومیٹر طویل راستے پر چلتی ہے اور دنیا کی تیز ترین مسافر ٹرینوں میں شمار ہوتی ہے، جس کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچتی ہے۔

مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر تقریباً دو گھنٹوں میں مکمل ہو جاتا ہے۔یہ نظام پانچ اہم اسٹیشنز کو جوڑتا ہے: مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جدہ مرکزی (السلیمانیہ) اسٹیشن، کنگ عبد اللہ اکنامک سٹی اسٹیشن اور کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسٹیشن۔ اس سے حجاج کے سفر میں آسانی، سکون اور تیزی آتی ہے اور مختلف شہروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر ہو جاتا ہے۔

یہ منصوبہ سعودی ریلوے ''سار'' کے اس وسیع کردار کا حصہ ہے، جو مملکت کے جدید ٹرانسپورٹ نظام میں ادا کیا جا رہا ہے۔

اس کا مقصد ضیوف الرحمان کے لیے محفوظ اور مربوط سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جو قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک حکمت عملی اور سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ اس کے ذریعے حاجی کے سفر کو آمد سے لے کر مناسک کی ادائیگی تک زیادہ آسان، منظم اور پُرسکون بنایا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں