سعودی عرب: عالمی شراکت داری سے ڈیجیٹل گورنمنٹ کے عالمی مرکز کا قیام
مرکز کا مقصد علم کے تبادلے کو فروغ دینا اور مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانا ہے
سعودی عرب اور اقوام متحدہ نے اقوام متحدہ سے وابستہ ڈیجیٹل گورنمنٹ کا ایک مرکز قائم کرنے کے لیے بات چیت کی ہے جس کا صدر دفتر دارالحکومت ریاض میں ہوگا۔ اس عالمی مرکز کا مقصد بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا، تجربات اور مہارتوں کی منتقلی، بہترین طریقوں کو تیار کرنے کے لیے شراکت داری قائم کرنا اور تحقیق و اختراع کے شعبوں میں حکومتی صلاحیتوں کو بااختیار بنانا ہے۔
نیویارک شہر میں سائنس، ٹیکنالوجی اور ایجادات فورم کے موقع پر ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی آف سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان ارادے کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔ ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کے گورنر انجینئر احمد الصویان نے وضاحت کی کہ ڈیجیٹل گورنمنٹ سے متعلق اقوام متحدہ کے مرکز کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر ریاض کا انتخاب سعودی عرب کی قیادت اور اس کے علاقائی و عالمی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈیجیٹل گورنمنٹ کا مرکز انسان پر مرکوز اور مستقبل کی پیش بینی کرنے والے ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کی تعمیر میں ایک قابل تقلید نمونہ ہے۔
اسی تناظر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ مرکز عالمی سطح پر ڈیجیٹل حکومتی طریقوں کو تیار کرنے، رکن ممالک کی مدد کرنے، علم کے تبادلے کو فروغ دینے اور مصنوعی ذہانت و جدید ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک مرکزی سٹیشن کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم ڈیجیٹل گورنمنٹ کو قیادت کی جانب سے حاصل ہونے والی حمایت اور بااختیار بنانے کا ثمر ہے۔
اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی امور کے شعبے میں پالیسی کوآرڈینیشن کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل پیروگ سینڈکیر نے کہا ہے کہ موجودہ بات چیت گزشتہ مدت کے دوران مملکت اور اقوام متحدہ کے درمیان مشترکہ تعاون کا تسلسل ہے اور یہ ایک طویل مدتی شراکت داری کی بنیاد رکھتی ہے جو ڈیجیٹل گورنمنٹ کی حمایت، عوامی اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ڈیجیٹل فرق کو ختم کرنے میں مددگار ہوگی۔ یہ مرکز رکن ممالک کو جامع اور پائیدار ڈیجیٹل حکمت عملی تیار کرنے میں مدد کے لیے فریم ورک، معیارات اور بہترین طریقے وضع کرے گا۔ یہ مرکز پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرے گا اور عالمی سطح پر شمولیت کو فروغ دے گا۔
واضح رہے سعودی عرب نے انٹرنیٹ گورننس فورم (IGF2024) کے 19ویں سیشن کے دوران "اعلانِ ریاض" جاری کیا تھا جسے اقوام متحدہ سالانہ بنیادوں پر منعقد کرتی ہے اور جس میں دنیا بھر کے ماہرین انٹرنیٹ گورننس میں بین الاقوامی رجحانات اور پالیسیوں پر بحث اور تشکیل کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اس کی میزبانی دارالحکومت ریاض نے کی تھی اور یہ مرکز اس اعلان میں شامل بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے ذریعے ڈیجیٹل شمولیت کی حمایت کے تسلسل کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ رسائی میں اضافہ ہو، ڈیجیٹل فرق ختم ہو اور معیار زندگی کو بہتر بنا کر، ماحول کے تحفظ کو فروغ دے کر، معاشی ترقی کو تحریک دے کر اور عالمی سطح پر ذمہ دارانہ اختراع کو بااختیار بنا کر اور پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر پائیدار ترقی کی حمایت کی جا سکے۔