مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے بیچ، اسرائیلی چیف آف اسٹاف ایال زامیر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تمام میدانوں میں ایک نئی حقیقت پیدا کر دی ہے۔
آج بروز بدھ مغربی کنارہ کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زامیر نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج ضرورت پڑنے پر مختلف محاذوں پر دوبارہ لڑائی شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج "بیت المقدس سے مغربی کنارے اور تہران تک، دفاع اور حملے کے لیے مستقل طور پر تیار حالت میں ہے"۔
اس کے علاوہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی افواج نے "ایک نئی سکیورٹی حقیقت پیدا کی ہے، جہاں وہ لبنان میں لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں، دریائے لیطانی اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر درجنوں تخریب کاروں اور انفراسٹرکچر کو ختم اور تباہ کر رہی ہیں"۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ فوج "غزہ میں بھی جارحانہ انداز میں کام کر رہی ہے اور مسلح افراد کو ختم کر رہی ہے"۔
زامیر کا کہنا تھا "ہم بلا وقفہ کام کر رہے ہیں اور کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں.. معرکہ ابھی ختم نہیں ہوا اور فوج ضرورت پڑنے پر دوبارہ لڑائی شروع کرنے کے لیے تیار ہے ... اور وہ مستقل طور پر الرٹ اور مستعد ہے"۔
ایال زامیر نے اس بات پر زور دیا کہ "فوج تمام محاذوں پر پھیلی ہوئی ہے"۔ انہوں نے کہا کہ "ناحل بریگیڈ، جس نے صرف ایک ماہ قبل لبنان میں شدید لڑائی ختم کی تھی، اس کے فوراً بعد مغربی کنارے میں ایک مشن پر منتقل ہو گئی ہے، جہاں وہ کامیابیاں حاصل کرے گی"۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی افواج نے غزہ میں نام نہاد "یلو لائن" (پیلی لکیر) کو وسعت دی ہے، جہاں وہ گنجان آباد اور تقریباً تباہ شدہ فلسطینی پٹی کے تقریباً 65 فی صد حصے پر قابض ہو چکی ہے، جبکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں میں شدت آئی ہے۔
یہ صورت حال اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پر تقریباً روزانہ کی بنیاد پر جاری فضائی حملوں کے درمیان سامنے آئی ہے، جن کے بارے میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں اور ارکان کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اس وقت جنوبی لبنان کے 65 قصبے اور دیہات اسرائیلی کنٹرول میں آ چکے ہیں۔
جہاں تک ایران کا تعلق ہے، اسرائیلی ذرائع نے پہلے انکشاف کیا تھا کہ تل ابیب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے اندر متعدد مقامات پر مخصوص حملے کرنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ وہ تہران کے ساتھ کوئی ناقص معاہدہ کر سکتے ہیں۔
-
حزب اللہ کے ڈرونز کے خلاف اسرائیلی منصوبہ، گھومتی خاردار تاریں نصب
جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں ...
بين الاقوامى -
جنوبی لبنان پر اسرائیلی کارروائیاں، الجیہ اور السعدیات میں گاڑیوں پر حملہ
جنگ بندی کے اعلان کے باوجود خطے میں سکون قائم نہیں ہو سکا۔ اپریل سے نافذ معاہدے کے ...
مشرق وسطی -
مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان ہلاک: محکمہ صحت
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ بدھ کے روز مغربی کنارے کے ایک گاؤں میں ...
مشرق وسطی