یوم الترویہ پر حجاج کرام کے استقبال کے لیے مسجد الخیف کی تیاریاں مکمل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے حج کے رواں سیزن سنہ 1447ہجری میں یوم الترویہ کے موقع پر ضيوف الرحمن کے استقبال کے لیے مشعر منیٰ میں واقع مسجد الخیف میں اپنے تما تر آپریشنل اور سروسز انتظامات تیز کر دیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد فنی، آپریشنل اور بیداری کے نظام کے تحت حجاج کرام کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے مناسک حج مکمل آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔

مسجد الخیف کو مشاعر مقدسہ کی اہم ترین تاریخی مساجد میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں ہر سال حج کے ایام میں نمازیوں اور حجاج کرام کا ایک بہت بڑا ازدھام دیکھنے کو ملتا ہے۔

وسیع رقبہ اور اسمارٹ کولنگ سسٹم

مسجد کا تعمیراتی رقبہ لگ بھگ 23 ہزار 500 مربع میٹر ہے جبکہ اس کے قالینوں کا رقبہ 27 ہزار مربع میٹر سے زائد ہے۔ حجاج کرام کی کثیر تعداد کی گنجائش کے پیش نظر مسجد میں مکمل طور پر اعلیٰ معیار کے قالین بچھائے گئے ہیں اور خدماتی سہولیات کو جدید بنایا گیا ہے۔

مسجد میں کولنگ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اندرونی ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے اسمارٹ کنٹرول سسٹم سے لیس 410 ایئر کنڈیشننگ یونٹس نصب کیے گئے ہیں۔

درجہ حرارت کم کرنے کے لیے 57 واٹر مِسٹ پنکھے

گذشتہ چند برسوں کے دوران مسجد میں کئی معیاری ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن میں سب سے نمایاں مسجد کے گردونواح اور واش رومز کے حصوں میں ماحول کو خوشگوار بنانے کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت صحنوں، راہداریوں اور گیلریوں میں 57 واٹر مِسٹ پنکھے لگائے گئے ہیں تاکہ درجہ حرارت کو کم کر کے حجاج کرام کو ہیٹ اسٹروک سے بچایا جا سکے اور انہیں ایک آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

وزارت نے حجاج کرام کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی نافذ کیا ہے جس کے تحت ٹھنڈے پانی کے 54 واٹر ڈسپنسر لگائے گئے ہیں۔ ان میں سے ہر ایک ڈسپنسر کی پیداواری صلاحیت 500 لیٹر فی گھنٹہ ہے، جس سے مجموعی طور پر فی گھنٹہ 81 ہزار سے زائد حجاج کرام کو پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

وزارت نے مسجد کی حدود میں موبائل فون چارجنگ کی سہولت بھی فراہم کی ہے تاکہ حجاج کرام ڈیجیٹل خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں اور حج سیزن کے دوران رابطے میں رہیں۔

اسمارٹ سسٹم اور کثیر اللسانی معلوماتی اسکرینیں

ترقیاتی کاموں میں مسجد نمرہ اور مسجد الخیف میں ایئر کنڈیشننگ، وینٹیلیشن، بجلی اور بیک اپ جنریٹرز کی نگرانی کے لیے اسمارٹ سسٹم کا نفاذ بھی شامل ہے تاکہ آپریشنل کارکردگی کو بڑھایا جائے، خرابیوں کو کم کیا جائے اور دیکھ بھال و تکنیکی نگرانی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

رہنمائی اور تنظیمی پہلوؤں کو مضبوط بنانے کے لیے مسجد میں مختلف زبانوں میں معلوماتی پیغامات نشر کرنے کے لیے 79 ڈیجیٹل اسکرینیں لگائی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 50 سے زائد جدید ترین نگرانی کے کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ مسجد کے 9 مرکزی داخلی راستے اور ہنگامی نکاسی کے 6 راستے بنائے گئے ہیں تاکہ حجاج کی آمد و رفت میں روانی برقرار رہے اور نمازیوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

حج سیزن کے دوران مسجد الخیف میں آپریشنل، مینٹیننس، صفائی ستھرائی اور معلوماتی خدمات کی دیکھ بھال کے لیے 500 سے زائد ملازمین، ٹیکنیشنز اور ورکرز چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں