ایران: 60 دن کی مذاکراتی مدت کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے کی فیس نہیں
کم از کم 48 گھنٹے پہلے راہداری کی درخواست جمع کروانا ہو گی
آبنائے ہرمز کے امور سے متعلق ایرانی محکمے نے جمعہ کو کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ اس ہفتے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کے تحت 60 دن کے مذاکراتی دور کے دوران وہ آبنائے کے استعمال کی طے شدہ فیس معاف کر رہا ہے۔
ایران کی عربین گلف سٹریٹ اتھارٹی (پی جی ایس اے) نے ایک نوٹس میں کہا ہے کہ عبوری معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے دوران آبنائے سے گذرنے کے خواہاں بحری جہازوں کو آمد سے کم از کم 48 گھنٹے قبل راہداری کی درخواستیں جمع کرانی ہوں گی۔
ایران اس مدت کے دوران سلامتی، حفاظت، ماحولیاتی خدمات اور متعلقہ انشورنس کی فیس وصول نہیں کرے گا جبکہ بارودی سرنگوں سے متأثرہ علاقوں کی وجہ سے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے جہازوں کو راستوں اور راہداری کے اوقات کے بارے میں پیشگی رابطہ کاری کرنا ضروری ہو گا۔