شمالی وزیرستان: ''ضرب عضب'' میں مزید 16 جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان آرمی نے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری رکھا ہوا ہے۔ اتوار کو اس کارروائی میں مزید سولہ مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں اور میرعلی کے آس پاس ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں فضائی حملوں کے دوران جنگجوؤں کے اسلحے ڈپوؤں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔علاقے میں آپریشن ضرب عضب کے آغاز کے بعد سے وہاں سے بیشترآبادی اپنا گھربار چھوڑ کر دوسرے علاقوں کی جانب چلی گئی ہے۔تاہم بعض علاقوں میں چند ہزار لوگ ابھی تک موجود ہیں اور ان کے انخلاء کے لیے پاک آرمی کی جانب سے اعلانات کیے جارہے ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ اور دوسرے بڑے قصبے میرعلی کا محاصرہ کررکھا ہے تاکہ مشتبہ جنگجوؤں کو فرار سے روکا جاسکے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق طالبان اور غیر ملکی جنگجوؤں کے بڑے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے بعد ہی زمینی کارروائی کی جائے گی۔

پاک فوج اس کارروائی میں شمالی وزیرستان میں موجود تمام جنگجو گروپوں کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہی ہے اور فوجی ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اگلے روز صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا تھا کہ ''فوج کے نزدیک کالعدم تحریک طالبان پاکستان یا حقانی نیٹ ورک کے درمیان کوئی تمیز نہیں ہے اور تمام دہشت گرد گروپوں کا خاتمہ کیا جائے گا''۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں