افغانستان کے ڈپٹی گورنر کا پاکستانی شہر پشاور سے اغوا
پچاس سالہ محمد نبی احمدی علاج کی غرض سے پاکستان آئے تھے
افغانستان کے صوبہ کنڑ کے ڈپٹی گورنر محمد نبی احمدی کو خیبر پختونخوا کے صدر مقام پشاور سے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے جس کی اطلاع افغان قونصل خانے کے حکام نے اسلام آباد میں دفتر خارجہ کو دی ہے۔
یہ واقعہ گذشتہ روز ڈبگری گارڈن کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ افغان قونصل خانے کے حکام نے بتایا کہ صوبہ کنڑ کے ڈپٹی گورنر محمد نبی احمدی پشاور میں علاج کے غرض سے آئے تھے ۔ گذشتہ روز ڈبگری گارڈن میں ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے جب اپنی گاڑی سے اتر رہے تھے تو اس وقت کالے شیشوں والی ایک گاڑی سے نامعلوم افراد اترے اور ڈپٹی گورنر کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔
محمد نبی احمدی کے بارے میں ذرائع ابلاغ توسط سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ان کی عمر پچاس برس کے لگ بھگ تھی اور وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ محمد نبی احمدی پشاور میں ڈاکٹر سے طبی معائنے کے لیے آئے تھے۔