سعودی وزیرمملکت برائے امورخارجہ عادل الجبیر بدھ کو پاکستان آئیں گے
سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے امور خارجہ عادل بن احمد الجبیر پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق عادل الجبیر وزیراعظم عمران خان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کریں گے۔وہ ان سے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
دریں اثناء آج وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے تازہ علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں لیڈروں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ پاکستانی وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان گذشتہ ایک ماہ میں ٹیلی فون پر یہ دوسری مرتبہ رابطہ ہوا ہے۔انھوں نے 27اگست کو بھی شہزادہ محمد بن سلمان سے بات چیت کی تھی اور انھیں تنازع کشمیر اور بھارت کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
عمران خان عالمی لیڈروں سے بھارت کے زیر انتظام ریاست مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورت حال کے بارے میں بات چیت کررہے ہیں اور پاکستان عالمی فورمز پر یہ مسئلہ اٹھا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پانچ اگست کو آئین کی دفعہ 370 کی تنسیخ کا فیصلہ کیا تھا۔اس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی خودمختاری حاصل تھی مگر اب اس کی یہ حیثیت ختم کردی گئی ہے۔بھارتی حکام نے تب سے متنازع علاقے میں کرفیو نافذ کررکھا ہے۔
سعودی عرب نے قبل ازیں ریاست جموں و کشمیر کی صورت حال کے بارے میں ایک مختصر بیان جاری کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ موجودہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔اس نے اس تنازع کے بین الاقوامی قرارداوں کی روشنی میں ’’پُرامن حل‘‘ کی ضرورت پر زوردیا تھا۔