بینک دولت پاکستان (ایس بی پی) نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے ترقیاتی فنڈ (ایس ایف ڈی) نے اپنے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی میعادمزید ایک سال بڑھانے کی تصدیق کردی ہے۔
بینک دولت پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس رقم کی موجودہ مدت 5 دسمبرکو ختم ہونے والی تھی اور یہ مرکزی بینک کے پاس زرِمبادلہ کے ذخائرکے حصے کے طور پر جمع کرائی گئی تھی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
Saudi Fund for Development (SFD) has confirmed rollover of $3bn deposit maturing on 5Dec22 for one year. Deposit is placed with SBP and is part of its forex reserves. This reflects continuing strong and special relationship between KSA and Pakistan. Old PR https://t.co/YvQ9VXPq0x
— SBP (@StateBank_Pak) September 18, 2022
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں اس خطیر رقم کی منتقلی کا سمجھوتا نومبر2021 میں طے پایا تھا۔اس کا مقصد اسٹیٹ بینک کے زرِمبادلہ کے ذخائر کو بہتربنانا تھا۔
اس معاہدے پر ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او)سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد اور اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹررضا باقر نے کراچی میں دست خط کیے تھے۔
واضح رہے کہ اکتوبر2021ء کے آخری ہفتے میں سعودی عرب نے پاکستان کواپنی مالی امداد بحال کرنے پراتفاق کیا تھا۔اس میں قریباً 3 ارب ڈالر کے محفوظ ذخائراورمؤخرادائی پر 1.2 ارب ڈالر مالیت کے تیل کی برآمدات شامل تھیں۔ یہ معاہدہ اسی ماہ سابق وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پرطے پایا تھا۔