سعودی عرب اورپاکستان کے درمیان حج سیزن 1444ھ کے انتظامات کے حوالے سے معاہدہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کے وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے پاکستان کے ہم منصب مفتی عبدالشکورکے ساتھ حج سیزن 1444ہجری کے انتظامات کے حوالے سے ایک معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔

جدہ میں حج،عمرہ سروسز کانفرنس اورنمائش (حج ایکسپو 2023) کے موقع پر سعودی وزیر حج وعمرہ نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران میں متعدد معاہدوں پر دست خط کیے ہیں۔یہ معاہدے مملکت کی جانب سے حج، عمرہ اورزیارات کے دوران میں عازمین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے پیش کردہ ترقیاتی اقدامات کے تحت آتے ہیں۔

سعودی وزیرڈاکٹر توفیق نے حج سیزن 1444ھ کے انتظامات کے لیےاسلامی جمہوریہ پاکستان کے وفد کے ساتھ ایک معاہدے پر دست خط کیے، معاہدے میں مختص حج کوٹا،ہوائے اڈے اور آمدوروانگی کے ذرائع کے ساتھ ساتھ وہ تنظیمی ہدایات بھی شامل ہیں جوحجاج کرام کے ابتداء سفر سے لیکر مملکت سعودی عرب میں قیام اوروہاں واپسی تک ان کی حفاظت اور آرام کی ضامن ہیں۔

حج نمائش2023 حج اورعمرہ سے متعلق سب سے بڑا اجتماع اور تقریب ہے۔اس میں 57 سے زیادہ ممالک، 70 سےزیادہ مقررین ، ماہرین، حج اور عمرہ کے شعبے میں مہارت رکھنے والی 200 کمپنیوں کے ساتھ ساتھ 60,000 سے زیادہ زائرین شرکت کرتے ہیں۔

یہ بڑا اجتماع تصورات، نظریات، ایجادات اور تجربات کے تبادلے کا ایک موقع تھا، اور یہ ممالک کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اپنے معاہدوں پر دست خط کریں اور حج اور عمرہ کے سیزن سے پہلے اپنے شہریوں کے معاملات کو ترتیب دیں۔یہ تمام معاہدے ضیوف الرحمٰن (اللہ کے مہمانوں) کی راحت اور ان کے تمام تر معاملات کو آسان بنانے کی عکاسی کرتے ہیں۔

یادرہے کہ اس کانفرنس میں چالیس ورکشاپس میں چار روز کے دوران میں نو اہم سیشن ہوئے ہیں۔ ان میں کئی ایسے موضوعات پرتبادلہ خیال کیا جو حجاج کرام کے تجربے کو فروغ دینے، ڈیجیٹل سروسز کے استعمال اور ایک مربوط اور پائیدار نظام کی تعمیر کے لیے کام کرنے میں معاون ہیں۔اس کا مقصد فراہم کردہ خدمات کے دائرہ کار کو بڑھانا، اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کوحاصل کرناہے۔

یہ تمام کوششیں مملکت سعودی عرب کے اس فریم ورک کے تحت آتی ہیں کہ حج پروگرام اور دنیا بھر کے تمام سرکاری،نجی شعبوں،کاروباری افراد اور شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں سے خدا کے مہمانوں کوبہترین خدمات فراہم کی جائیں،اور لاجسٹکس، سکیورٹی اورٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور علم کی تمام سطحوں پران کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کام کیاجائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں