پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی مولانا مفتی عبدالشکور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و امیر جے یو آئی فاٹا مفتی عبدالشکور کی نماز جنازہ اتوار کے روزدن 2 بجے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مفتی عبدالشکور ہفتہ کی شب میریٹ ہوٹل سے شاہراہ دستور پر سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے کہ اس دوران میں ایک تیز رفتارہائی لکس ریوو گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی کار کو ٹکر مار دی۔
وفاقی وزیر کے ساتھ گاڑی میں ڈرائیور اور محافظ بھی ساتھ تھے جو حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جس گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری اُس میں سوار پانچ میں سے تین افراد کو چوٹیں آئیں جن کی حالت خطرے کے باہر ہے۔ انھیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ فوری طور پر ان کی شناخت نہیں بتائی گئی ہے۔
اسلام آباد ،وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئےمولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے۔ہائی لکس ریوو جس میں پانچ آدمی سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ ملزمان گرفتار pic.twitter.com/I5f4jEuaK2
— Shakeel Qarar (@Qarar009) April 15, 2023
اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ وفاقی وزیر اپنی کار خود چلا رہے تھے۔ انھیں شدید زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم مفتی عبدالشکورکا تعلق پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جماعت جمعیت علماء اسلام سے تھا اور وہ صوبہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، انھیں گذشتہ سال اپریل میں وزیراعظم میاں شہبازشریف کی کابینہ میں وفاقی وزارت مذہبی امور کا قلم دان سونپا گیا تھا۔
صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا گہرے رنج وغم کا اظہار
دریں اثناء صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مفتی عبدالشکور کی حادثاتی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
اس کے علاوہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آئی جی اسلام آباد کو واقعے کی مکمل تحقیقیات کی ہدایات دی ہیں۔
صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ مرحوم کی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے۔ بحیثیت وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے، ہم ان کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل دے۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی مفتی عبدالشکور کی ناگہانی وفات پر ان کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔
میں اپنی اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں #خادم_حرمین_شریفین کے سفير اور سفارت خانے کی جانب سے پاکستان کی برادر عوام اور مرحوم محترم وزیر مذہبی امور،بین المذاہب ہم آہنگی جناب مفتی عبدالشکورکے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔إنا لله وإنا إليه راجعون pic.twitter.com/VImWgFC8s6
— نواف بن سعيد المالكي (@AmbassadorNawaf) April 15, 2023
خادم الحرمین الشریفین کے سفیر نے اسلام آباد میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی اور ان سے مفتی عبدالشکورکی وفات پرتعزیت کا اظہارکیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جےیوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) April 15, 2023
نواف بن سعید المالکی نے وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے انتقال پر مولانا فضل الرحمان سے اظہار تعزیت کی pic.twitter.com/U6QgsFxLLR