خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو سپاہی شہید ہو گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہفتہ کو جنوبی وزیرستان کے ضلع زرملان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں لانس نائیک شعیب علی (عمر 25 سال، رہائشی پاراچنار، ضلع کرم) اور سپاہی رفیع اللہ (عمر 22 سال، ساکن ضلع لکی مروت) شہید ہو گئے۔ شہداء نے سوگواران میں بیوائوں اور والدین کو غمگسار چھوڑا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے مقام کا پتہ لگایا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، علاقے میں کلیرنس کی جا رہی ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، فواج پاکستان کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔