پاکستان مسلح فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات میں ان کے بھائی مرحوم شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات پر تعزیت کی ہے۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستانی مسلح افواج کے سپہ سالار جناب جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، جنہوں نے مرحوم شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات پر تعزیت کی ہے۔
صاحب السمو الشيخ محمد بن زايد آل نهيان، رئيس الدولة "حفظه الله ورعاه" يستقبل الفريق أول عاصم منير قائد الجيش الباكستاني، الذي قدم التعازي في وفاة المغفور له بإذن الله تعالى الشيخ سعيد بن زايد آل نهيان "رحمه الله" pic.twitter.com/5PIE7L7M8k
— UAE Embassy PK (@uaeembassyisb) July 30, 2023
اس سے قبل جمعہ کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ابوظبی کے قصر المشرف میں متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات میں تعزیت اظہار کیا اور مرحوم شیخ سعید کے لیے مغفرت، سلامتی اور رحمت کی دعا کی۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج بروز اتوار 30 جولائی کو متحدہ عرب امارت کا دورہ کریں گے اور وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور دیگر قیادت سے تعزیت کریں گے۔
یاد رہے کہ شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات کا اعلان جمعرات کی صبح کرتے ہوئے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔