لیہ میں مسافر وین اور ٹرک کے درمیان ٹکر، آٹھ افراد جاں بحق
جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے
جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ میں ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق مسافر وین بھکر سے میاں چنوں جا رہی تھی کہ تحصیل چوبارہ کے اڈہ حافظ آباد کے قریب سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل اسپتال چوبارہ منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مسافر وین کا ٹائی راڈ کھل گیا تھا اور اور وین مخالف سمت سے آنے والے منی ٹرک سے جا ٹکرائی۔ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔