نیدرلینڈز میں قرآن پاک کی بےحرمتی، پاکستان کا اظہار مذمت
دی ہیگ میں سفارتحانوں کے باہر قرآن کی بے حرمتی پر سعودی عرب بھی شدید مذمت کا اظہار کر چکا ہے
پاکستان نے نیدرلینڈز میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے یورپی ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے نفرت انگیز اور اسلامو فوبک کارروائیوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
دفتر خارجہ نے منگل کے روز ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ پاکستان قرآن پاک کی بے حرمتی کے تازہ ترین ناپاک اقدام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے جو نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے رکن ممالک بشمول پاکستان کے سفارت خانوں کے سامنے پیش آیا۔
🔊: PR NO. 1️⃣8️⃣6️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣3️⃣
— Spokesperson 🇵🇰 MoFA (@ForeignOfficePk) September 25, 2023
Desecration of the Holy Quran in The Hague, Netherlands
🔗⬇️ https://t.co/BBFePshTDz pic.twitter.com/o1NBkSEuA5
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ جان بوجھ کر اشتعال انگیز اور اسلامو فوبک کارروائی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ آزادی اظہار، رائے اور احتجاج کی آڑ میں ایسے اقدامات کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔
اس سے قبل ترک اخبار ڈیلی صباح نے خبر دی تھی کہ ایڈون ویگنز ویلڈ، جو نیدرلینڈز کے انتہائی دائیں بازو کے گروپ پیگیڈا کی ڈچ شاخ کا سربراہ ہے، نے ہیگ میں ترک، پاکستانی اور انڈونیشیا کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔
سعودی عرب کا ردعمل
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ نے بھی دی ہیگ میں متعدد سفارت خانوں کے سامنے ایک انتہا پسند گروپ کی جانب سے قرآن پاک کے نسخوں کو شہید کی شدید مذمت کی۔
کثیر الاشاعت اخبار ’’الشرق الاوسط‘‘کے مطابق وزارت نے بیان میں سعودی عرب کی جانب سے اس طرح کے بار بار کیے جانے والے نفرت انگیز اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کے موقف کا اعادہ کیا اور کہا اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ’اس طرح کے اقدامات واضح طور پر نفرت اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں۔ رواداری، اعتدال پسندی کی اقدار کو فروغ دینے اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی بین الاقوامی کوششوں سے براہ راست متصادم ہیں‘۔
وزارت نے مزید کہا ’ایسے اقدامات افراد اور ممالک کے درمیان تعلقات کے لیے ضروری باہمی احترام کو بھی سبوتاژ کرتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ ڈنمارک، سویڈن اور ہالینڈ میں حالیہ مہینوں کے دوران عوامی سطح پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی پر مسلم ملکوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے