پہلی پاکستانی خلاباز خاتون نمیرا سلیم آج خلا کے لیے اڑان بھریں گی
2011میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازے جانے والی نمیرا سلیم کو ورجن گیلیکٹک کی ویب سائٹ پر ’خلاباز نمبر 019‘ کا نام دیا گیا ہے
پاکستان کی پہلی خلاباز خاتون نمیرا سلیم چھ اکتوبر کو امریکی ریاست نیو میکسیکو سے خلا کے سفر پر روانہ ہوں گی۔
یہ پرواز پانچ اکتوبر کو روانہ ہونا تھی مگر کمپنی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ خلائی جہاز کی دیکھ بھال کی وجہ سے ایک دن کی تاخیر کے بعد چھ اکتوبر کو مشن خلائی سفر پر روانہ ہو گا۔
2011 میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازے جانے والی نمیرا سلیم نے 15 ستمبر کو اپنے ایکس اکاؤنٹ سے خلا کے سفر کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ’ستاروں تک پرواز‘ کے لیے تیار ہیں۔
#Extra3 #acrobaticflight #Gprofiles #0G #zerogravity #spaceportamerica @virgingalactic pic.twitter.com/5kDYrYx6J6
— Namira Salim (@namirasalim) October 5, 2023
اس خلائی مشن کو ’گیلیکٹک 04‘ کا نام دیا گیا ہے، اور اس میں کرایہ ادا کر کے سفر کرنے والے تین خلاباز سفر کر رہے ہیں۔
ورجن گیلیکٹک کی ویب سائٹ پر نمرا سلیم کو ’خلاباز نمبر 019‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ اس پرواز میں دو اور پرائیویٹ خلاباز بھی موجود ہوں گے، جن کا تعلق امریکہ اور برطانیہ سے ہے۔ ان کے علاوہ عملے کے تین ارکان بھی مشن کا حصہ ہوں گے۔
L-1: Remove Before Spaceflight #Galactic04 pic.twitter.com/PsFDrCedmo
— Virgin Galactic (@virgingalactic) October 6, 2023
نمیرا نے اس خلائی پرواز کا ٹکٹ تقریباً 17 برس قبل دو لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔
نمیرا پاکستان میں پیدا ہوئی تھیں مگر اب وہ یورپی ملک مناکو میں رہتی ہیں۔
نمیرا سلیم نے بتایا کہ انہیں خلا میں جانے کا شوق تو بچپن سے تھا مگر مناکو میں رہنے کے دوران انہیں جب معلوم ہوا کہ ایک نجی خلائی جہاز بن رہا ہے اور اس کے ذریعے خلا نوردی کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے جسے خلائی سیاحت یا ’سپیس ٹورازم‘ کا نام دیا جا رہا ہے تو انہوں نے اس میں شمولیت اختیار کر لی۔
وہ بتاتی ہیں کہ جب ورجِن گروپ کے مالک رچرڈ برینسن نے ’مجھے دیکھا تو انہوں نے مجھے دنیا کے سامنے پیش کیا بطور پہلی ایشائی خاتون کے جو خلا میں جا رہی ہیں۔ رچرڈ برینسن نے اس کے ذریعے ابوظہبی سے 38 کروڑ ڈالر جمع کیے۔‘
ورجن گلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس پرواز میں عام سیاح سوار نہیں تھے بلکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔
بعد ازاں اگست میں اس کمپنی نے سیاحوں کے لیے پہلی خلائی پرواز کو خلا میں روانہ کیا تھا، جبکہ ستمبر میں بھی ایک پرواز سیاحوں کو خلا میں لے کر گئی۔ اس کمپنی کے آئندہ مشن میں نمیرا سلیم بھی موجود ہوں گی۔
اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت تین سیاح سفر کریں گے جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی سپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود ہوں گے۔
یہ اس کمپنی کی مجموعی طور پر چوتھی کمرشل خلائی پرواز ہو گی۔
یہ کمپنی لگ بھگ دو دہائیوں سے خلا کے لیے کمرشل پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
نمیرا سلیم اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کے لیے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔
انہوں نے 2006 میں ہی اس سفر کے لیے ٹکٹ بک کروالی تھی اور اب جا کر انہیں خلا میں جانے کا موقع مل رہا ہے۔
-
پہلی پاکستانی خلاباز خاتون نمیرا سلیم آج خلا کے لیے اڑان بھریں گی
2011میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازے جانے والی نمیرا سلیم کو ...
پاكستان -
’’نمیرا سلیم کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے‘‘
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی پہلی پاکستانی خلا باز خاتون نمیرا سلیم ...
بين الاقوامى