پاکستان کے ایوان بالا 'سینیٹ' کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے رواں ہفتے فلسطین کی صورتحال پر بحث کے لیے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر منظور کاکڑ نے بھی چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ کر فلسطین کی صورتحال پر بحث کے لیے اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔
سینیٹ میں موجود دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے بھی سینیٹ اجلاس بلانے کی حمایت کی ہے۔
اجلاس بلانے کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی قابض افواج کے مظالم کی مذمت کرنا ہے۔ اجلاس کے دوران سینیٹرز کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کا موقع ملے گا۔