چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے خلیجی ریاست کے سرکاری دورے کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح سے ملاقات کی۔
کویتی نیوز ایجنسی ’کونا‘ کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کے ہمراہ عبوری وزیر قانون احمد عرفان اسلم، کویت میں پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق اور دیگر حکام پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔
مشرقی وسطی کے دورے پر موجود نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بھی خلیجی ریاست کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے گزشتہ رات کویت پہنچے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم آج ولی عہد اور اپنے کویتی ہم منصب شیخ احمد النوف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔
اجلاس کے دوران رہنماؤں کی جانب سے افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور کان کنی، خوراک کی حفاظت، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون سے متعلق کئی مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ 2023 میں پاکستان اور کویت کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی گئی۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کو دو روزہ دورے پر کویت پہنچے، ان کی آمد پر کویت کے وزیر برائے بجلی، پانی اور قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے نگران وزیراعظم کا استقبال کیا۔
Caretaker Prime Minister Anwaar-ul-Haq Kakar arrived in Kuwait for his two day official visit, today. Kuwait's Minister for Electricity, Water and Renewable Enegery, Dr Jassim Mohammed Abdullah Al-Ostad received the Prime Minister upon his arrival. pic.twitter.com/ZmeVlZk3S8
— Prime Minister's Office (@PakPMO) November 28, 2023
واضح رہے کہ اس سے قبل نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جہاں سرمایہ کاری سے متعلق تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جو خلیجی ریاستوں سے متعدد ارب ڈالرز کی فنڈنگ کی راہ ہموار کرے گا۔