مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے: بلاول
پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں وزارتیں نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے: چیئرمین پیپلز پارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت کا حصہ نہیں بنے گی لیکن مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ہم ووٹ دیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے، مینڈیٹ نہ ہونے کے باعث میں وزیراعظم کا امیدوار نہیں ہوں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق چلے گی، پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں وزارتیں نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دوسری جماعتوں سے رابطوں کے لیے کمیٹی بنائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن جیسا بھی ہوا عوام نے حصہ لیا، عوام اب مزید عدم استحکام نہیں چاہتی، نئے الیکشن اور سیاسی بحران سے بچنے کے لیے حکومت سازی میں تعاون کریں گے، حکومت کی تشکیل کے لیے (ن) لیگ کے امیدوار کو وزیر اعظم کا ووٹ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت وفاقی کابینہ میں شمولیت میں بھی دلچسپی نہیں رکھتی۔ تاہم سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی حکومت بنانے کی کوشش کرے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ ’پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے اور مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس نے ہم سے حکومت سازی کے لیے رابطہ کیا ہے۔‘
تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی جماعت وزارتیں بھی نہیں لے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ان کے والد آصف علی زرداری کو ملک کا صدر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے یہ تمام فیصلے ملک میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے کیے ہیں۔
-
پاکستان میں سیاسی بے یقینی؛ کاروباری برادری تشویش میں مبتلا ہونے لگی
ملک بھر میں آٹھ فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کے بعد سیاسی صورتحال واضح نہ ہونے ...
پاكستان -
فلسطینی دانشور کا غزہ کے لیے شاعری کرنے والے پاکستانی شاعر فیض کو خراجِِ عقیدت
مصنف ڈاکٹر نمر سلطانی کا لاہور کے سالانہ فیض میلے میں فلسطینی طلباء کے ساتھ پینل ...
ایڈیٹر کی پسند -
پاکستان کے انتخابات میں بدعنوانی کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے: امریکہ
امریکی ترجمان نے پاکستان میں اجتماع کے حق کی شہری آزادی پر بھی زور دیا
بين الاقوامى