آرمی چیف سے اے ایس پی شہر بانو کی ملاقات، جنرل عاصم منیر نے کارکردگی کو سراہا
تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے: جنرل عاصم منیر
پنجاب پولیس کی اے ایس پی شہربانو نقوی جنہوں نے گذشتہ دنوں لاہور میں ایک خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچایا تھا انہوں بدھ کے روز جنرل ہیڈکوارٹر میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے اے ایس پی شہربانو کی ڈیوٹی کے دوران بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔
جنرل عاصم منیر نے اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور اُن کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔ آرمی چیف کے بقول تحفظات اور شکایات کے حل کیلئے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے، پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرونِ ملک خود کو ممتاز کیا ہے۔