پاک بحریہ کے جہازبابرکاجدہ کا دورہ،سعودی عرب کے الریاض جنگی جہاز کے ساتھ مشترکہ مشقیں
دوںوں ممالک کی بحریہ کے اعلیٰ افسران کا ملاقات میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور
پاکستانی فوج نے بدھ کو کہا کہ پاک بحریہ کے جہاز (پی این ایس) بابر نے جدہ بندرگاہ کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی غرض سے سعودی عرب کے الریاض فریگیٹ (بحری جنگی جہاز) کے ساتھ مشترکہ مشق کی۔
پاک فوج کے میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی بحریہ کے جہاز کا جدہ بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفارت کاروں اور رائل سعودی نیوی کے حکام نے استقبال کیا۔
اس موقع پر پی این ایس بابر کے کمانڈنگ آفیسر نے رائل سعودی نیوی کے ڈپٹی ویسٹرن فلیٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل یحییٰ محمد مجراشی سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر پی این ایس بابر نے رائل سعودی نیول فورسز کے جہاز ایچ ایم ایس الریاض کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاسیکس نامی بحری مشق کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور مضبوط دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا تھا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون ہے۔ دونوں ممالک باقاعدگی سے مشترکہ فضائی، زمینی اور بحری فوجی مشقوں میں شرکت کرتے ہیں جبکہ شرقِ اوسط کے دیگر ممالک کے ہم منصبوں کے ہمراہ سعودی مملکت کے کئی کیڈٹس خصوصی فوجی تربیت حاصل کرنے کے لیے ہر سال پاکستان آتے ہیں۔
دفاعی اور سیکورٹی تعلقات کے علاوہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات ہیں۔ مملکت میں 2.7 ملین سے زیادہ پاکستانی تارکینِ وطن مقیم ہیں جو اپنے ملک کے لیے ترسیلاتِ زر کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔