پاکستان کی اعلیٰ ترین عدالت سپریم کورٹ میں تین نئے ججز جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس شاہد بلال حسن نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کی عمارت میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے نئے ججز سے حلف لیا۔ تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل، سینئر وکلا نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والے ججز میں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور لاہور ہائی کورٹ کے ہی جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔
قبل ازیں وزارت قانون کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 177 کی شق (1) میں دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے تین ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی تھی۔