امریکہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ "آپریشن عزم استحکام" کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی موت پر افسوس ہے، مذہبی بنیادوں پر ہونے والے واقعات تشویش کا باعث ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی میں پاکستان اور امریکہ کا مفاد مشترک ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ امریکہ رول آف لا ء اور انسانی حقوق کی پیروی کرتے ہوئے دہشت گردی کے مقابلے کی حمایت کرتا ہے۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی معاملات پر پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری ہے۔ امریکی حکومت ہائی لیول کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ اور کپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے تحت ملٹری ٹو ملٹری رابطوں کے حق میں ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ دہشت گرد حملوں سے بری طرح متاثر ہیں، کسی ملک کو ایسی دہشت گردی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، خطے کی سکیورٹی میں پاکستان اور امریکہ کا مفاد مشترک ہے، سیکورٹی معاملات پر پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری میں دہشت گردی کے خلاف بات چیت اور فنڈز کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم رول آف لا ء کے لیے دہشت گردی کے مقابلے کی حمایت کرتے ہیں۔
میتھیو ملر نے سوات میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی موت پر افسوس ہے۔ مذہبی بنیادوں پر ہونے والے واقعات تشویش کا باعث ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام ممالک پر زور دیتے ہیں کہ مذہبی آزادی، اظہار رائے کی آزادی اور پرامن اجتماع کے حق کا احترام کیا جائے۔ ایسے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جن سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے۔