پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے نوسیری کے قریب دیولیاں کے مقام پر ایک مسافر جیپ کے حادثے کے نتیجے میں کم سے کم 14 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ دارالحکومت مظفرآباد سے شمال میں ں 30 کلو میٹر دور دیولیاں کے مقام پر پیش آیا جہاں جیپ بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جا گری۔
حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت جیپ میں ڈرائیورسمیت 17 افراد سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے متعدد افراد کو مظفرآباد کمبائینڈ ملٹری ہسپتال ’سی ایم ایچ‘ منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ دریائے نیلم سے متصل علاقے میں یہ ایک ماہ میں جیپ کا دوسرا حادثہ ہے۔ دو ہفتے قبل وادی نیلم کے بالائی علاقے تاؤ بٹ کے قریب ایک جیپ دریائے نیلم کی موجوں کی نذرہوگئی تھی جس کے نتیجے میں سولہ مسافر جان سے چلے گئے تھے۔