آرمی چیف سے امام مسجد نبوی ﷺ کی ملاقات، پاک سعودی تعلقات پر اظہار اطمینان

مسجد نبوی کے امام کی امامت میں فیصل مسجد میں ہزاروں افراد کی نماز جمعہ ادائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

مسجد نبوی ﷺکے امام ڈاکٹرصلاح بن محمدالبدیر نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسجد نبوی ﷺکے امام نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی جہاں پہنچنے پر جنرل عاصم منیر نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ان کے دورہ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دورے کو پاکستانی عوام کے لیے اعزاز قرار دیا۔

بیان کے مطابق مسجد نبویﷺ کے امام نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا میں اہم مقام رکھتا ہے جو علاقے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ امام مسجد نبوی نے مسلم امہ کے اتحاد و خوشحالی کے لیے دعا کی۔

فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت

پاکستان کے خصوصی دورے پر آئے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مسجد نبوی کے امام کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے پاکستان کے کئی شہروں سے ہزاروں لوگ اپنی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر فیصل مسجد پہنچے تھے۔

لوگوں کی ایک بڑی تعداد نماز جمعہ کے وقت سے پہلے ہی مسجد پہنچ گئی تھی۔ خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد نے اس موقع پر نماز ادا کی۔

جمعے کا خطبہ دیتے ہوئے ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے عالم اسلام اور پاکستان کے لیے بالخصوص ترقی، خوشحالی اور سلامتی کی دعا مانگی۔ امام مسجد نبوی نے اپنے خطبے میں اسلامی شعائر کی تکمیل، مسلمانوں کی بھلائی، تعمیر و ترقی، خوشحالی اور تحفظ پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے فیصل مسجد میں جمعہ کا خطبہ دے رہے ہیں
ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے فیصل مسجد میں جمعہ کا خطبہ دے رہے ہیں

اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر کئی زعما بھی موجود تھے۔ نماز جمعہ کے بعد کئی افراد نے امام مسجد نبوی سے ملاقات اور ان سے ہاتھ ملانے کی کوشش کی۔

نماز جمعہ کے موقع پر حکومت نے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کر رکھے تھے اور مسجد کے اندر اور باہر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ مسجد کو جانے والے راستے پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کے بھی کئی اہلکار تعینات تھے تاہم نمازیوں کی کثیر تعداد کی وجہ سے ٹریفک جام رہی۔

قبل ازیں ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ہمراہ پارلیمنٹ کی کارروائی دیکھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں