افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے متراد ف ہے : جنرل عاصم منیر
قوم کا پاک فوج پر غیر متزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے: آر می چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم آزادی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ’’کہ نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر کے بیرونی جارحیت کی راہ ہموار کر دیتے ہیں، قوم کا پاک فوج پر غیر متزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے اور افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ کوئی منفی قوت، اعتماد اور محبت کے اس رشتے کو نہ کبھی کمزور کرسکی اور نہ ہی آئندہ کر سکے گی۔ افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔‘‘
آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے، قیام پاکستان کا مقصد صرف جغرافیائی خطے کا حصول نہ تھا، ملک پاکستان کے حصول میں ہمارے اسلاف نے بے شمار قربانیاں پیش کیں، اللہ نے ہمت وحوصلہ دیا کہ اس خطے کی حفاظت کرسکیں، پاکستان ایک ناقابل تسخیر ملک ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ تاریخی طور پر ہم من حیث القوم ہمیشہ ہر مشکل کے بعد اور بھی زیادہ مضبوط بن کر ابھرے ہیں، جس میں قوم اور افواج کا باہمی اعتماد کلیدی ہے، نا اتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کرکے بیرونی جارحیت کے لئے راہ ہموار کر دیتے ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ صوبہ بلوچستان بہادر اور حب الوطن لوگوں کا مسکن ہے، پاک فوج، حکومت پاکستان اور بلوچستان کے تعاون سے بلوچستان اور اس کی غیور عوام کی سالمیت اور فلاح و بہبود کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا مقام ہر دورمیں نہ صرف خطے اور مسلم امہ میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے ڈیجیٹل دہشت گردی کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹی خبروں کے ذریعے قوم میں مایوسی پھیلانا ہے، پاکستان میں آئین اظہار رائے کی اجازت دیتا ہے، ریاستی اداروں اورعوام میں خلیج پیدا کرنے والوں کومایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
عالمی اور علاقائی سطح پر تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن کی رفتار اور نوعیت غیر معمولی ہے، ان تبدیلیوں سے قطع نظر پاکستان کا مقام ہر دور میں نا صرف خطے اور مسلم امہ میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اہمیت کا حامل رہاہے، دنیا میں ہم اپنی امن پسندی اور اصولوں پر مبنی موقف کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
افغانستان ہمارا برادر اور ہمسایہ اسلامی ملک ہے جس کیلئے پاکستان اور اس کی عوام نے ان گنت قربانیاں دی ہیں جس کی دور حاضر میں کوئی نظیر نہیں ملتی ، ہم افغانستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں ، ان کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ فتنہ الخوارج کو اپنے دیرینہ ، خیر خواہ اور برادر ہمسایہ ملک پر ترجیح نہ دیں، اس فتنہ کا قلع قمع کرنے میں ہمارا ساتھ دیں جیسا کہ پاکستان نے ہمیشہ آپ کا ساتھ دیا ہے ،
دوست ممالک چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور ترکیہ نےہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، آزادی کے جشن کے ساتھ کشمیر کے بھارئیوں کو یاد کرنا چاہیے، کشمیر کے لوگوں پر بھارتی فوج غیر قانونی طور پر مسلط ہے، غزہ میں اسرائیل نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، پاکستان کی جانب سے ہر پلیٹ فارم پر فلسطین کا معاملہ اٹھایا گیا، حکومت پاکستان کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کا معاملہ اٹھانا خوش آئند ہے۔