راولپنڈی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج سے شروع

شان مسعود کا ہوم گراؤنڈ پر بطور کپتان پہلا ٹیسٹ، بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں پہلی فتح کا انتظار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

پاکستان آج بدھ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش خلاف میدان میں اترے گا۔ دونوں ٹیمیں سیریز کا شاندار آغاز کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔

اپنے واحد سپنر ابرار احمد کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کے بعد پاکستان تمام فاسٹ بولرز کے ساتھ ٹیسٹ کھیلے گا - اس چال کا استعمال انہوں نے آخری بار پانچ سال قبل اسی مقام پر سری لنکا کے خلاف کیا تھا۔

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سرخ گیند والی کرکٹ یعنی ٹیسٹ کے لیے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی یہ پہلی سیریز ہوگی۔ میچ کے ٹکٹ آن لائن دستیاب ہیں۔

شان نے پہلے ٹیسٹ سے قبل کہا، "بنگلہ دیش کے خلاف سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہمیں آئندہ ایک مصروف سیزن کی تیاری کرنی ہے اور ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "گھر میں ٹیم کی قیادت کرنا ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ کپتانی کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے اور میں اس ٹیم کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کروں گا۔"

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاکستان کو رواں سیزن میں نو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں جن میں سے سات ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔ ان میں بنگلہ دیش کے خلاف اس سیریز کے دو، اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین اور اگلے سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دو غیر ملکی ٹیسٹ میچ دسمبر اور جنوری میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود (دائیں) اور ان کے بنگلہ دیش کے ہم منصب نجم الحسین شانتو 19 اگست 2024 کو اسلام آباد میں ایک بلند پہاڑی مقام دامنِ کوہ پر ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ (اے پی)
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود (دائیں) اور ان کے بنگلہ دیش کے ہم منصب نجم الحسین شانتو 19 اگست 2024 کو اسلام آباد میں ایک بلند پہاڑی مقام دامنِ کوہ پر ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ (اے پی)

پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 میں چھٹے نمبر پر ہے۔ انہوں نے چیمپئن شپ میں دو غیر ملکی سیریز کھیلی ہیں جن میں سری لنکا کے خلاف دو-صفر سے کامیابی حاصل کی جبکہ آسٹریلیا سے تین-صفر سے شکست ہوئی۔

آٹھویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے بغیر کسی فتح کے بغیر ریکارڈ کو ختم کرنے کی امید ہے جسے میزبان ملک کے ہاتھوں گذشتہ 13 میں سے 12 ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور صرف ایک میچ بےنتیجہ رہا۔ دوسرا 30 اگست کو اسی مقام پر ہو گا۔

بنگلہ دیش کے کپتان نجمل حسین شانتو نے لاہور میں اپنی ٹیم کے لیے پریکٹس سیشن کا اہتمام کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا، "ہمارے وہاں دو سیشن ہوئے اور مجھے امید ہے کہ کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان میں بڑی صلاحیت ہے۔ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہر میچ بہت اہم ہے۔"

گذشتہ کچھ عرصے کے دوران بنگلہ دیش میں سیاسی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ٹیم کی اپنے ملک میں تیاریوں میں شدید رکاوٹیں آئیں۔ سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کی وجہ سے ہونے والی بدامنی کی بنا پر ٹیم کے غیر ملکی کوچز اپنے سفارتخانوں کی ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اندرونِ خانہ محدود رہے جبکہ وسیع پیمانے پر احتجاج نے ٹیم کو پریکٹس سیشن کے لیے جمع ہونے سے بھی روک دیا۔

ٹیمیں

پاکستان: شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد حریرہ، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، آغا سلمان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی

بنگلہ دیش: نجم الحسین شانتو (کپتان)، ذاکر حسن، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفق الرحیم، شاکب الحسن، لٹن داس، مہدی حسن میراز، تیج الاسلام، نعیم حسن، ناہد رانا، شوریف الاسلام، حسن محمود، خالد احمد۔

راولپنڈی میں بارش کی وجہ آج ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل تادمِ تحریر شروع نہ ہو سکا۔ دوپہر کے کھانے کا وقفہ جلدی کر لیا گیا ہے جبکہ سٹاف گراؤنڈ کے گیلے حصوں کو خشک کرنے میں مصروف ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں