بونا راست: اوورسیز عرب ممالک سے کم لاگت میں رقوم پاکستان بھجوا سکیں گے

منصوبے سے حوالہ اور ہنڈی کا خاتمہ ہو گا، ترسیلات زر میں اضافہ اور کاروبار کو فروغ ملے گا: وزیر اعظم شہباز شریف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بونا راست کنیکٹیوٹی منصوبہ ایک تاریخی سنگ میل ہے جس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی، اس منصوبے سے تارکین وطن جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفاف اور موثر اندازمیں رقوم کی منتقلی کر سکیں گے، اس منصوبے سے حوالہ اور ہنڈی کا خاتمہ ہو گا، ترسیلات زر میں اضافہ اور کاروبار کو فروغ ملے گا، زراعت، معیشت، آئی ٹی اور دیگر شعبہ میں بہتری کے پانچ سالہ "ہوم گرائونڈ اکنامک پروگرام "کا باضابطہ اعلان کرنے جا رہے ہیں۔

وہ جمعرات کو بونا - راست کنیکٹیوٹی منصوبے کے نفاذ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بونا راست کنیکٹیوٹی منصوبہ پاکستان کا پہلا سرحد پار رقوم کی منتقلی کا نظام ہے جس سے عرب ممالک سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رقوم کی منتقلی شفاف اور موثر انداز میں ہو سکے گی۔ اس منصوبے کے نفاذ کے لئے وزیر خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک، کار انداز اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے مشکور ہیں۔ یہ بہت اہم منصوبہ ہے کیونکہ اس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم ڈیجیٹل گورننس کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس تاریخی سنگ میل سے عرب دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مستحکم اور جدید خطوط پر استوار ہوں گے۔ اس تاریخی منصوبے سے پاکستانی تارکین وطن کو اپنے خاندانوں کی بروقت امداد اور رقوم کی منتقلی میں مدد ملے گی۔

بونا راست سے عوام کو سہولت اور کاروبار فروغ پائے گا۔ اس منصوبے سے رقوم کی منتقلی کے غیر روایتی چینلز کا خاتمہ ہوگا۔ اس منصوبے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہو گا، حوالہ اور ہنڈی سے رقوم کی منتقلی کاخاتمہ ہو گا۔ اس منصوبے سے پاکستان کا رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہو گا۔ اپنی اجتماعی کاوشوں اور ٹیم ورک سے ایک دن ہم ملک کو درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہوتے ہوئے اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کاعمل جاری ہے جس کی میں ذاتی طورپر نگرانی کر رہا ہوں۔ اس کے لئے بل ملنڈااینڈ گیٹس فائونڈیشن اور کار انداز کا مالی تعاون حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں دوسراچیلنج توانائی کے شعبے میں درپیش ہے، اس سے ہم نمٹ رہے ہیں اور آئندہ چند ماہ میں اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جلد ہوم گرائونڈ اکنامک پروگرام کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں تمام فریقین سے گزشتہ کئی ماہ سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اب اس پروگرام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ یہ ہمارا آئندہ پانچ سال کا پروگرام ہو گا کہ کس طرح ہم نے اپنی معیشت ، زراعت ، آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات میں بہتری لانی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ کے تحت بونا سے جوڑا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہماری قوم بہت بہادر اور مضبوط ہے۔ ہمارے عوام بھرپور صلاحیتوں اور توانائیوں سے مالا مال ہے۔ہم نے ماضی کی طرح وقت ضائع نہیں کرنا بلکہ اس ملک کو عظیم بنانا ہے۔ اس کے لئے صرف اور صرف محنت ہمارا عزم ہے۔

momentos3
momentos3

اس موقع پر بل اینڈ ملنڈاگیٹس فائونڈیشن کی صدر ڈاکٹر انیتازیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری فائونڈیشن کا یہ عزم ہے کہ دنیا میں ہر ایک صحت مند اور ثمر آور زندگی بسر کر سکے۔ ہم سائوتھ ایشیا سمیت دنیابھر میں عوام کی زندگی اور انہیں روزگار کی فراہمی کے لئے تنظیموں اور حکومتوں کے ساتھ شراکت داری پر فخر کرتے ہیں۔ بونا راست کنیکٹیوٹی منصوبے سے سب سے زیادہ خواتین مستفید ہوں گی۔ روایتی چینل سے رقوم کی منتقلی محفوظ اور بآسانی ہو سکے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے خاندانوں کو بحفاظت رقم منتقل کر سکتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا کہ بونا راست منصوبہ بہت اہمیت کاحامل ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ملک میں میکرو استحکام آ رہا ہے۔ پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔ زر مبادلہ کے ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ہمارا ڈیجیٹل اکانومی کی طرف بڑھنا خوش آئند ہے۔ توانائی کے شعبے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لئے پرعزم ہیں۔ بوناراست سے بیرون ملک مقیم افراد اپنے پیاروں کو بآسانی رقم منتقل کر سکیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے بونا راست کنیکٹیوٹی منصوبے کے نفاذ میں کردار اور افتتاحی تقریب میں شرکت پر چیئرپرسن عرب مانیٹری فنڈ ڈاکٹر فہد الترکی، گورنر سٹیٹ بینک پاکستان جمیل احمد، ڈاکٹرانیتا زیدی، وقاص الحسن کو شیلڈ پیش کیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں