ریاض کی میزبانی میں پاکستانی ڈیزائنرز کے لیے اولین فیشن نمائش، اشتراک کی توقعات
دیپک پروانی اور ایچ ایس وائی جیسے معروف نام شامل، 80 فیصد ڈیزائنرز پاکستانی ہوں گے
ریاض ہفتہ کو پاکستانی ڈیزائنرز کے کام پر مبنی اولین فیشن نمائش کی میزبانی کرے گا جس کے بارے میں منتظمین کا خیال ہے کہ یہ تقریب سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط ثقافتی اور تخلیقی روابط کی راہ ہموار کرے گی۔
ریاض میں 16 نومبر سے طے شدہ افتتاحی فیشن کوچر 2024 شریک بانی شرمین احسان، عائشہ محسن اور عدنان بشیر خان کے دماغ کی اختراع ہے جو ایونٹ مینجمنٹ میں کئی عشروں کا تجربہ رکھتے ہیں۔
نمائش میں ابھرتے ہوئے اور تجربہ کار ڈیزائنرز کے کام کی نمائش ہو گی جس میں 80 فیصد شرکاء پاکستان سے اور بقیہ ہندوستان، امریکہ، دبئی اور سعودی عرب سے ہوں گے۔
منتظمین کو امید ہے کہ یہ اقدام پاکستانی اور سعودی صنعت کے درمیان زیادہ تعاون کو فروغ دے گا۔
احسان نے جمعے کو عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا، "ریاض میں پاکستانی ڈیزائنرز کی نمائش کی میزبانی کا مقصد ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا، پاکستان کے شاندار ورثے کی تشہیر کرنا اور دونوں ممالک کے فیشن اور ڈیزائن کی صنعتوں کے درمیان تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم تخلیق کرنا ہے۔"
انہوں نے کہا، "پہلی بار ریاض ایک ترتیب شدہ نمائش کی میزبانی کرے گا جس میں زیادہ تر پاکستانی ڈیزائنرز شامل ہوں گے۔ یہ ایک ایسے خطے کے فیشن اور ڈیزائن کے بارے میں تازہ نکتۂ نظر پیش کرے گی جسے روایتی طور پر سعودی فیشن کے منظر نامے میں نمائندگی کا کم ہی موقع ملا ہے۔" نیز انہوں نے بتایا کہ ڈیزائنرز کی اکثریت پاکستان سے ہو گی۔
پاکستان سے ڈیزائنر میں دیپک پروانی، ایچ ایس وائی، آغا نور، صدف عامر، ملیحہ سٹوڈیو، انعم اخلاق اور کومل لاکھانی جیسے معروف نام شامل ہیں۔
احسان نے کہا، "یہ نمائش مقامی ماڈلز، میک اپ آرٹسٹ اور ڈیزائنرز کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔ یہ ریاض کے لیے ایک نئی تعمیر کا سنگِ بنیاد ہو گی کیونکہ یہ شہر میں ہم عصر پاکستانی ڈیزائن کی صلاحیتوں کی اولین نمائش ہے۔ شرقِ اوسط میں فیشن کے ابھرتے ہوئے منظر نامے میں یہ مستقبل کے تعاون اور ترقی کی راہ ہموار کرے گا جس کے فروغ پانے کی کافی صلاحیت ہے۔"
پاکستان کے ایک نامور فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی پہلے ہی نمائش کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا، یہ پہلا موقع ہے جب وہ اپنا مجموعہ ریاض لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا، "ہم دبئی، دوحہ اور بحرین میں تو ہر وقت نمائش کرتے رہے ہیں لیکن ریاض میں نمائش کا یہ پہلا موقع ہے۔"
انہوں نے مزید کہا، "مجھے یقین ہے کہ یہاں ہماری مارکیٹ ہو گی۔ پہلی کوشش تو کرنا ہی پڑتی ہے۔ وہاں پاکستانی اور ہندوستانی آبادی بہت زیادہ ہے۔ ہم تمام تارکینِ وطن کے لیے موجود ہیں لیکن بنیادی طور پر میرا خیال ہے کہ پاکستانی تارکینِ وطن آئیں گے کیونکہ وہ ہمیں پہلے سے جانتے ہیں۔"
پروانی نے بتایا کہ وہ آئندہ شادیوں اور تقریبات کے موسم کے لیے موسمِ سرما کے مجموعے، شام کے لباس اور نیم رسمی لباس کی نمائش کریں گے۔
پاکستانی اداکارہ سجل علی جو حال ہی میں ختم ہونے والے اور تنقیدی طور پر سراہے گئے ڈرامہ سیریل "زرد پتوں کا بَن" میں اپنے کردار کے لیے شہرت رکھتی ہیں، ریاض فیشن کوچر 2024 میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گی۔
ایونٹ کی شریک بانی شرمین احسان نے کہا، "ریاض ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ اور فیشن کا ایک فروغ پذیر مرکز ہے جس میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ فیشن، ٹیکسٹائل، زیورات، آرائشِ خانہ اور لوازمات سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی ڈیزائنرز کی تخلیقی صلاحیتوں، دستکاری اور جدت ظاہر کرنے کے لیے یہ نمائش ایک منفرد موقع ہو گی۔"
-
ACCA کی تاریخ میں پہلی پاکستانی خاتون صدر منتخب
ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی عائلہ مجید ...
پاكستان -
سعودی و فرانسیسی وزراء کا ثقافتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ، پیرس میں ملاقات
سعودی وزیر برائے ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ اور فرانسیسی وزیر رچیدہ داتی نے ...
مشرق وسطی -
سعودی عرب نے نو رکنی منشیات اسمگلر گینگ کو اکھاڑ پھینکا
سعودی عرب میں حکام نے منشیات کی اسمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث ایک نو رکنی گینگ ...
مشرق وسطی