خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاراچنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 38 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سینئر پولیس عہدیدار جاوید اللہ محسود نے بتایا کہ "اہل تشیع برادری کے دو مختلف قافلوں کو کرم میں دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ "دونوں حملوں میں اب تک 38 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہے جبکہ 11 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔"
جاوید اللہ کے مطابق "حملے میں جان کھونے والوں میں چھ خواتین اور متعدد بچے اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ دونوں قافلوں پر تقریبا 10 مسلح افراد نے سڑک کے دونوں اطراف سے فائرنگ کی۔"
ایک اور پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ دونوں قافلوں میں 40 سے زائد گاڑیاں شامل تھی۔