سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جب کہ ایک میجر اور سپاہی جاں بحق ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی شب سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے جنرل ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
فورسز کی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جب کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر اور ایک سپاہی نے بھی شہادت کا رتبہ پا لیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر حمزہ اسرار (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی) جو دستے کی قیادت کررہے تھے جاں بحق ہو گئے۔ سپاہی محمد نعیم (عمر 26 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نصیر آباد) بھی دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے جان پیش کر دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔