سعودی عرب کے سب سے بڑے امدادی ادارے 'شاہ سلمان ریلیف' نے مفلس و نادار ملکوں میں امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ رمضان المبارک میں بھی جاری رکھا ہے۔
اس سلسلے میں جمعہ کے روز سعودی خیراتی ادارے نے بتایا 'پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخوا ، صوبہ بلوچستان ، صوبہ سندھ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں امدادی پیکٹ تقیسم کیے گئے ہیں۔'
امداد کی یہ تقسیم شاہ سلمان کے انسانی بنیادوں پر جاری وسیع پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا آغاز اس سال ماہ جنوری سے کیا گیا تھا ۔ تاکہ ریلیف کا سامان موسم سرما اور جنگی و قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پہنچایا جا سکے۔
پاکستان بھی کافی عرصہ سے ان ملکوں میں شامل ہے جس کی مفلسی کی وجہ سے سعودی عرب اس کے عوام کو اشیائے خوردونوش کے پیکٹ اور دیگر اشیاء کی فراہمی کرتا رہتا ہے۔
ان میں کمبل، گرم چادریں، خواتین، مردوں اور بچوں کے گرم ملبوسات بھی شامل ہیں تاکہ وہ سخت سردی کے ماحول میں آسانی سے رہ سکیں۔
شاہ سلمان ریلیف کی طرف سے یہ سامان حکومت پاکستان کی مکمل رابطہ کاری سے تقسیم کیا گیا۔ جس سے 337079 لوگوں کو فائدہ ہوگا۔
پاکستان میں شاہ سلمان ریلیف نے 200 ایسے منصوبے شروع کر رکھے ہیں جو قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک کی یقینی فراہمی، صحت کی ضروریات ، تعلیمی سہولیات اور دیگر بنیادی ایشوز کے لیے کارآمد ہے۔