خیبرپختونخوا کی جنوبی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل وانا میں دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا مقامی امن کمیٹی کے رکن کے دفتر میں ہوا ہے، دھماکے سے دفتر منہدم ہو گیا، ملبے سے لوگوں کو نکالا گیا، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
جائے وقوع پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کیں، پولیس ذرائع کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا میں امن کمیٹی کے دفتر کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔