پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
جمعے کو وزارت خارجہ سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وقت کی آزمائش اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار پر بات چیت کی۔‘
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں مملکت کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عال الجبیر پاکستان کے دورے پر جمعے کی سہ پہر اسلام آباد پہنچے تھے۔
راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر پہنچنے پر سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا استقبال پاکستان میں سعودی سفیر اور وزارت خارجہ کے حکام نے کیا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچنے پر سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کا استقبال کیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور اسلام آباد میں پاکستان کی اعلٰی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
عادل الجبیر نے گزشتہ روز انڈیا کا دورہ کیا تھا اور اب وہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان موجودہ کشیدہ حالات میں اسلام آباد پہنچے ہیں۔