حکام نے ہفتے کے روز خبردار کیا ہے کہ شمالی پاکستان میں پہاڑی مٹی کے تودے سے پیداشدہ سات کلومیٹر (4 میل) طویل ایک جھیل کے پھٹنے اور اس سے نشیبی علاقوں میں ممکنہ "تباہ کن" سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا کہ بڑی مقدار میں کیچڑ بہہ کر مرکزی دریائے غذر میں آ گئی اور جمعہ کو یہ مکمل طور پر بند ہو گیا جس سے گلگت بلتستان صوبے میں جھیل بن گئی۔
صوبائی دفتر کی ایک جائزہ رپورٹ میں کہا گیا کہ کیچڑ کے جمع ہو جانے سے ایک "ڈیم جیسا ڈھانچہ" بن گیا جس کے پھٹ جانے کا شدید خطرہ ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ذاکر حسین نے کہا، نئی جھیل "تباہ کن سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔"
انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ چار نشیبی اضلاع — غذر، گلگت، استور اور دیامر — کو سنگین خطرے کا سامنا ہے۔
غذر پاکستان کے شمال مغربی پہاڑی اضلاع کے شمال میں واقع ہے جہاں اس سال مون سون کی بدترین بارشوں اور بادلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب کے باعث 15 اگست سے اب تک تقریباً 400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
قومی اتھارٹی کی جانب سے ایک واٹس ایپ گروپ میں پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ سیاہ مٹی دریا میں اترنے سے پہلے پہاڑ سے نیچے پھسل رہی ہے۔ رائٹرز آزادانہ طور پر اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کر سکا جس کے بارے میں اتھارٹی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اسے رہائشیوں نے فلمبند کیا تھا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ اسی طرح کی مٹی بڑی مقدار میں مختلف پہاڑوں سے دریا میں اتری۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے اونچی جگہ پر موجود ایک چرواہے نے مٹی کو نیچے آتے ہوئے دیکھا اور گاؤں والوں اور مقامی حکام کو خبردار کر دیا۔ انتباہ کے نتیجے میں پہاڑوں اور دریا کے گردونواح میں واقع جابجا درجنوں مکانات میں سے تقریباً 200 افراد کو بچا لیا گیا۔
فراق نے کہا، جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا ہے یعنی پھٹنے کا خطرہ کم ہو رہا ہے لیکن جب تک جھیل مکمل طور پر خالی نہ ہو جائے، نشیبی اضلاع میں سیلاب کے خطرے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نشینی علاقوں کے لوگوں کو انتہائی محتاط رہنے اور دریا کے برابر والے علاقے خالی کر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دس ستمبر تک مزید دو بارشوں کی وارننگ دیتے ہوئے قومی اتھارٹی نے کہا کہ جون کے آخر میں مون سون بارشیں شروع ہونے کے بعد سے پورے پاکستان میں سیلاب سے 785 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
-
پاکستان کے سوشل میڈیا سٹار طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ اچانک معطل
پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کنٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل کر ...
ایڈیٹر کی پسند -
پاکستان: بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کے استعمال میں پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع
بھارتی طیاروں اور ایئرلائنز کو مالی نقصانات اور سفری مشکلات کا سامنا
پاكستان -
پاکستان اگلے ہفتے طالبان کے مخالفین کی پہلی افغان کانفرنس کی میزبانی کرے گا
پاکستان نے طالبان کے مخالفین کی پہلی افغان کانفرنس کی میزبانی کی ہے۔ ذرائع نے ...
پاكستان