پاکستان: حج 2027-2030 کے لیے 340,000 سے زیادہ افراد کی آن لائن رجسٹریشن مکمل
حکومت نے رواں ماہ اولین چار سالہ حج پالیسی کی منظوری دی
سرکاری میڈیا نے اس ہفتے بتایا کہ ملک کے 340,000 سے زیادہ شہریوں نے 2027-2030 کے درمیان حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروائی ہے جیسا کہ اسلام آباد ایک نئے کثیر سالہ فریم ورک کے تحت مستقبل کے حج کے لیے تیاری کر رہا ہے۔
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے رواں ماہ کے شروع میں ملک کی اولین چار سالہ حج پالیسی اور 2027-2030 کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔ نئی پالیسی کے مطابق حج کے خواہشمند پاکستانیوں کو 2030 تک کسی بھی سال میں ایک بار حج کے لیے رجسٹریشن کروانا ہو گی۔
حکومت نے کہا ہے کہ کثیر سالہ فریم ورک سے حجاج کرام کی ہر سال رجسٹر ہونے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے ہفتے کے روز بتایا، "حج 2027-2030 کے لیے عازمین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور گھر سے آن لائن رجسٹریشن کروانے والے افراد کی تعداد 340,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔"
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے حوالے سے اے پی پی نے کہا کہ 246,000 درخواست دہندگان نے سرکاری جبکہ 94,000 نے پرائیویٹ حج سکیم کا انتخاب کیا۔
اعداد و شمار کی تفصیل دیتے ہوئے اے پی پی نے کہا کہ جون سے پنجاب سے 156,000 درخواست گذاروں جبکہ سندھ سے 100,000 نے آن لائن درخواست دی ہے۔ خیبر پختونخوا سے تقریباً 51,000، اسلام آباد سے 15,000، جنوب مغربی بلوچستان سے 12,000، آزاد کشمیر سے 2,600 اور گلگت بلتستان کے علاقے سے 1,200 کے قریب افراد آن لائن رجسٹر ہوئے۔
کوئی مخصوص وقت بتائے بغیر ترجمان نے کہا ہے کہ حج واجبات کی آن لائن وصولی کے حوالے سے اعلان "جلد" متوقع ہے۔
اے پی پی نے مزید کہا، "رجسٹرڈ درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رہنمائی کے لیے پاک حج ایپ یا حج ہیلپ لائنز کا استعمال کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ صرف افرادِ خاندان پر مشتمل گروپ بناتے وقت ان کی معلومات درست ہوں۔"