.

عالمی مقابلہ اذان وحسن قرات میں 162 ممالک سے 13 ہزار امیدواروں کی شرکت

دنیا بھرسے مقابلے میں شرکت کے لیے 56 ہزار افراد کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام اذان اور حُسنِ تِلاوت قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلے کی 22 مئی کو شروع کردہ رجسٹریشن کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ اس مرحلے میں دنیا بھر کے 56 ہزار افراد نے اپنی رجسٹریشن کرائی، جبکہ مقابلے کے لیے دنیا کے 162 ممالک کے 13 ہزار مؤذننین اور قراء حضرات کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے جواس مقابلے میں حصہ لیں گے۔

مقابلہ حسن قرآت واذان کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کےبعد دنیا بھرسے شرکاء کی سعودی عرب آمد جاری ہے۔ یہ مرحلہ 22 جولائی تک جاری رہے گا۔ دوسرا مرحلہ 22 جولائی کو شروع ہو گا جس امیدواروں کی جانچ پڑتال کے بعد ان کی مقابلے میں‌ نامزدگی کی جائے گی۔ یہ مرحلہ 24 جولائی سے 23 اگست تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد 24 اگست سے 23 ستمبرتک کارکردگی کی بنیاد پر بہترین قرار دیئے جانے والے امیدواروں کی فہرستیں تیار کی جائیں گی اور 25 ستمبر سے 25 اکتوبر تک کامیاب ہونے والے امیدواروں کا مرحلہ وار اعلان اور ان میں انعامات تقسیم کیے جائیں‌ گے۔ اس مقابلے کے لیے دنیا بھر میں آن لائن رجسٹریشن کرانے والے کل افراد کی تعداد 56 ہزار ہے جو ماضی کے مقابلوں کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔

مقابلہ جیتنے والے خوش نصیبوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ریال کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ امریکی کرنسی میں انعامی رقم کی مالیت 32 لاکھ ڈالرسے زیادہ ہے۔ خیال رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رواں سال جنوری میں اس مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ نے حسن تلاوت واذان مقابلے کے بارے میں‌ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پوری دنیا میں تلاوت کلام پاک کے کلچر کوعام کرنا ہے۔ قرآن پاک صوتی حسن، معنوی اور روحانی اثرات اور سامع پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اپنی امتیازی خصوصیت رکھتا ہے۔ اس مقابلے کے انعقاد سےعالمی سطح پر قرآن پاک، علوم قرآن اور اس کتاب اللہ کی رشد وہدایت پر مبنی تعلیمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب کو 50 لاکھ ریال، دوسرے کو 20 لاکھ اور تیسرے کو 10 لاکھ ریال کی رقم جب کہ چوتھے نمبر پرآنے والے کو پانچ لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائے گی۔

تلاوت کلام پاک کے ساتھ ساتھ اذان کے مقابلے کا مقصد دُنیا بھر میں اذان کی اہمیت اور حرم نبوی الشریف میں میں بلند ہونے والی اذان کی آواز کو دور دور تک پہنچانا ہے۔ اذان کے مقابلے میں پہلے پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال، دوسرے کو 10 لاکھ، تیسرے کو نصف ملین اور چوتھے درجے پرآنے والے مؤذن کو اڑھائی لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائے گی۔