اشتعال انگیز ویڈیو، اسرائیلی فوجی ترجمان نے مزاحیہ اداکار کا روپ دھار لیا
سات اکتوبر کو اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر جاری میڈیا وار میں اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے ایک اشتعال انگیز ویڈیو کے ذریعع طوفان برپا کردیا۔
اویچائی ادرائی نے اپنے ’’ ایکس‘‘ اکاؤنٹ پر ایک طنزیہ ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ہسپتال کے اٹینڈنٹ کے کردار میں اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے فون اٹھایا اور ہسپتال بلایا اور طنزیہ انداز میں پوچھا کہ کیا اس کے پاس کلاشنکوف، رائفلز اور میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (MRI) مشین ہے۔
پھر میں نفی میں جواب سن کر حیران ہوتے ہوئے کہا خدا کی قسم، غزہ کے شفا ہسپتال میں ان کے پاس بہت سی کلاشنکوفیں ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اس سے پہلے غزہ کے شفا ہسپتال کے تہہ خانوں میں ہتھیار اور گولہ بارود تلاش کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پھر ادرائی نے بات آگے بڑھائی اور پوچھا مجھے یقین ہے کہ ان کے پاس ہسپتال کے ساتھ اور میڈیکل کمپلیکس کے اندر ایک فوجی سرنگ ہے۔ پھر اسی طرح گویا نفی میں جواب سن کر انتہائی حیرت کا اظہار کیا۔
تاہم ایویچائی ادرائی نے اس مضحکہ خیز اور طنزیہ ویڈیو کو بنا کر بڑی تنقید کا رخ اپنی طرف موڑ لیا۔ لوگوں نے اس ویڈیو کلپ کو اشتعال انگیز اور انتہائی نامناسب قرار دیا۔
متعدد مبصرین نے کہا کہ اسرائیلی فوجی اویچائی ادرائی کم ذہانت کا حامل تھا اور اپنے آجروں کے لیے محض ایک سامان بردار کی حیثیت رکھتا تھا۔
یاد رہے غزہ شہر کے مغرب میں واقع شفا ہسپتال کے اندر ہتھیاروں کی موجودگی پر اسرائیلی اصرار کے باوجود حال ہی میں کئی آزاد ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں جن میں ہسپتال میں اسلحہ یا شبہ پیدا کرنے والی کسی بھی چیز کا پتہ چلے۔
امریکی سی این این سمیت کچھ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے گزشتہ روز اطلاع دی تھی کہ ہسپتال کے نیچے سے ہتھیاروں کے ملنے کے بارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے شائع کی گئی ویڈیو کے تجزیے سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ بظاہر اسرائیلی افواج نے ہی ہسپتال میں ہتھیاروں کو منتقل کیا تھا۔