تل ابیب زوال پذیر، رہائش کے سب سے زیادہ قابل ٹاپ 10 شہر
عالمی سطح پر سب سے بڑا 20 درجوں کا تنزل تل ابیب کے حوالے سے سامنے آیا
اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق لگاتار تیسرے سال آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کو دنیا کا سب سے زیادہ قابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے۔
یونٹ کی سالانہ رپورٹ، جس کا مقصد کسی شہر کے آرام یا رہنے کی صلاحیت کو ظاہر کرنا ہے، میں دنیا بھر کے 173 شہروں کو 30 اشاریوں کی بنیاد پر پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ زمرے استحکام، صحت کی دیکھ بھال، ثقافت و ماحولیات، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے پر مشتمل ہیں۔
استحکام، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں اپنے مثالی نتائج کی بدولت ویانا اس سال کی فہرست میں بھی ٹاپ پر ہے۔ اس کے بعد مغربی یورپ میں اس کے ہم منصب ڈنمارک کا کوپن ہیگندوسرے نمبر پر اور سوئٹزر لینڈ کا شہر زیورخ تیسرے نمبر پر ہے۔
ای آئی یو 2024 کے گلوبل ویل بیئنگ انڈیکس کے مطابق ویانا کے مجموعی سکور کو ثقافت اور ماحولیات کے زمروں میں بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی کمی کی وجہ سے تھوڑا سا نقصان پہنچا۔
دنیا کے قابل رہائش دس شہر:
ویانا، آسٹریا
کوپن ہیگن، ڈنمارک
زیورخ، سوئٹزرلینڈ
میلبورن، آسٹریلیا
کیلگری، کینیڈا
جنیوا، سوئٹزرلینڈ
سڈنی، آسٹریلیا
وینکوور، کینیڈا
اوساکا، جاپان
آکلینڈ، نیوزی لینڈ
ایشیا پیسیفک خطے کے چار شہروں نے اس سال کے ٹاپ ٹین میں جگہ بنائی ہے۔ یہ میلبورن، سڈنی، اوساکا اور آکلینڈ ہیں۔
مغربی یورپ عالمی سطح پر رہائش پذیری کے لحاظ سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا خطہ تھا۔ اس نے مجموعی طور پر 100 میں سے 92 سکور حاصل کیے تھے۔ تاہم احتجاج اور جرائم میں اضافے کی وجہ سے گزشتہ سال کی نسبت اس کی کارکردگی میں کمی آئی ہے۔ جس سے استحکام کے زمرے پر اثر پڑا ہے۔
شمالی امریکہ دوسرا بہترین خطہ تھا جس نے 100 میں سے 90.5 کا اوسط سکور کیا۔ تعلیم میں سب سے زیادہ درجہ بندی حاصل کی۔ EIU نے کہا کہ کینیڈا میں جاری ہاؤسنگ بحران نے انفرا سٹرکچر کی کیٹگری میں سکور کو کم کیا ہے۔
دنیا کے سب سے کم قابل رہائش شہر
نیچے آنے والے دس شہروں میں سب صحارا افریقہ، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے شہروں کا غلبہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق شام میں دمشق اور لیبیا میں طرابلس کو معیشتوں کو تباہ کرنے والی شہری بدامنی کے بعد رہائش کے لحاظ سے دو پست ترین شہروں کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
یوکرین کے شہر کیف کو دنیا کے نویں سب سے کم رہنے کے قابل شہر کے طور پر بیان کیا گیا۔ فروری 2022 میں روسی حملے کے بعد سے ملک میں مسلح تصادم جاری ہے۔ سات اکتوبر سے غزہ پر جاری جنگ کی وجہ سے تل ابیب کے درجات میں سب سے زیادہ کمی ہوئی۔ تل ابیب 20 پوائنٹس گر کر فہرست میں 112 ویں نمبر پر آگیا۔