جسم میں مگنیشیئم کی کمی کی 5 علامات ... ان میں سب سے نمایاں پٹھوں کے جھٹکے ہیں
اکثر اوقات مگنیشیئم کی کمی کی تشخیص نہیں ہو پاتی، یا اسے دباؤ یا تھکن سمجھ کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے ... نتیجتاً، یہ کمی اس وقت تک پوشیدہ رہتی ہے جب تک کہ وہ سنگین صورت اختیار نہ کر لے
مگنیشیئم ایک ضروری معدنی عنصر ہے جو جسم کے متعدد اہم افعال میں کردار ادا کرتا ہے، جیسے کہ پٹھوں کی کارکردگی اور توانائی کی پیداوار ... اگرچہ اس کی حیاتیاتی اہمیت بہت زیادہ ہے، لیکن اس کی کمی ترقی یافتہ ممالک میں بھی عام ہے۔ بھارتی اخبار "ٹائمز آف انڈیا" کے مطابق اندازاً 15 سے 20 فی صد افراد مگنیشیئم کی کمی کا شکار ہیں۔
چونکہ اس کی علامات ہلکی ہوتی ہیں، اس لیے اکثر مگنیشیئم کی کمی کی تشخیص نہیں ہو پاتی یا اسے صرف تھکن یا دباؤ سمجھ لیا جاتا ہے، اور یوں کمی اس وقت تک نظرانداز ہوتی رہتی ہے جب تک وہ سنگین صورت اختیار نہ کر لے۔
مگنیشیئم کی کمی کی 5 علامات جو اکثر نظرانداز ہو جاتی ہیں :
1 - پٹھوں میں جھٹکے اور کھچاؤ
اگر ٹانگوں، پیروں یا پلکوں میں بار بار غیر ارادی جھٹکے یا کھچاؤ ہوں تو یہ مگنیشیئم کی کمی کی ابتدائی علامات ہو سکتی ہیں۔ مگنیشیئم پٹھوں کے سکڑنے اور آرام کرنے میں مدد دیتا ہے، اور اس کی کمی کی صورت میں دردناک کھچاؤ یا رعشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
2 - مسلسل تھکن اور کمزوری
اگر بھرپور آرام کے باوجود مسلسل تھکن یا جسمانی کمزوری محسوس ہو تو یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ آپ کے جسم میں مگنیشیئم کی کمی ہے۔ یہ معدنیات خوراک کو توانائی میں بدلنے کے عمل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
3 - دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی
مگنیشیئم دل کی برقی سرگرمی کو منظم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کی شدید کمی دل کی دھڑکن میں تیزی یا بے ترتیبی کا سبب بن سکتی ہے، جو دل کے امراض کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔
4 - مزاج میں اتار چڑھاؤ اور بے چینی
مگنیشیئم دماغی کیمیا کو متوازن رکھتا ہے اور ذہنی دباؤ کے ردِ عمل کو منظم کرتا ہے۔ اس کی کمی بے چینی، چڑچڑاپن یا ہلکے درجے کے ڈپریشن کا باعث بن سکتی ہے۔
5 - بھوک کی کمی، متلی اور قے
بھوک نہ لگنا، متلی یا قے جیسی علامات بھی مگنیشیئم کی کمی کی طرف اشارہ کر سکتی ہیں، خاص طور پر جب یہ علامات دیرپا ہوں۔ یہ معدنی کمی جسم کی توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔
مگنیشیئم کے ذرائع اور علاج
مگنیشیئم سے بھرپور غذاؤں میں ڈارک چاکلیٹ، ایووکاڈو، بادام، پالک اور کالی پھلیاں شامل ہیں۔
عام طور پر متوازن غذا کے ذریعے مگنیشیئم کی کمی پر قابو پایا جا سکتا ہے، لیکن شدید کمی کی صورت میں ڈاکٹر کی تجویز پر سپلیمنٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
کسی بھی قسم کی دوا یا سپلیمنٹ لینے سے پہلے معالج سے مشورہ ضرور کریں۔