صحت : بھیگے ہوئے بادام کے متعدد فوائد ... وزن کم کرنے میں مدد گار
بادام صحت مند چکنائی، نباتاتی پروٹین، ریشے اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے
بادام خشک میوہ جات میں شمار ہوتا ہے اور صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔ یہ صحت مند چکنائی، نباتاتی پروٹین، ریشے (فائبر) اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے، اور دل کی صحت، خون میں شکر کی سطح کو قابو میں رکھنے، وزن پر کنٹرول اور نظامِ ہضم کی بہتری میں مدد دیتا ہے۔ یہ بات صحت کے امور سے متعلق ویب سائٹ Health نے اپنی رپورٹ میں بتائی۔
فائیٹک ایسڈ
بادام کو نرم اور آسانی سے ہضم ہونے والا بنانے کے لیے اکثر اسے کئی گھنٹے یا پوری رات پانی میں بھگویا جاتا ہے۔ متعدد رپورٹوں کے مطابق بادام کو بھگونے یا "ایکٹیویٹ" کرنے سے اس میں موجود غذائی اجزا کی افادیت بڑھ جاتی ہے، کیونکہ اس عمل سے ایک نباتاتی مرکب جسے فائیٹیٹس کہا جاتا ہے، وہ ختم یا کم ہو جاتا ہے۔
تاہم، موجودہ کلینیکل تحقیق اس سے مختلف بات کہتی ہے۔
فائیٹک ایسڈ یا فائیٹیٹس کو عموماً "اینٹی نیوٹرینٹ" (غذائیت روکنے والا مادہ) کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ بعض غذائی اجزا کے ساتھ جُڑ کر ان کے جسم میں جذب ہونے کے عمل کو روک دیتا ہے۔ اگرچہ بادام میں فائیٹیٹس کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے، لیکن حالیہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ بھگونے سے ان مادوں کی مقدار میں کوئی خاص کمی واقع نہیں ہوتی۔
اس کے باوجود، بادام کو بھگونے کے کچھ دوسرے فوائد بھی ہو سکتے ہیں :
1 - ہاضمے کو بہتر بناتا ہے
بادام میں پانی کی مقدار بہت کم ہوتی ہے، لیکن جب اسے بھگویا جاتا ہے تو یہ پانی جذب کر کے نرم ہو جاتا ہے۔ جن افراد کو کچے بادام کھانے سے نظامِ ہضم میں مسئلہ ہوتا ہے، ان کے لیے بھیگا ہوا بادام زیادہ قابلِ برداشت ہو سکتا ہے۔
2 - ذائقہ بہتر بناتا ہے
بھگونے سے بادام نرم ہو جاتا ہے، جس سے چبانا آسان ہوتا ہے اور ذائقہ بھی بہتر محسوس ہوتا ہے۔ جب کھانا چبانے کے دوران چھوٹے چھوٹے ذرات میں بٹتا ہے تو وہ منہ میں موجود لعاب کے ذائقہ محسوس کرنے والے خلیوں کو زیادہ متحرک کرتا ہے۔
3 - کولیسٹرول کی سطح کو منظم کرنے میں مدد گار
بادام خواہ کچا ہو، بھنا ہوا ہو یا بھگویا ہوا، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو آکسیڈیٹیو اسٹریس سے بچاتے ہیں، کولیسٹرول کی سطح بہتر بناتے ہیں اور دل کی صحت کو تقویت دیتے ہیں۔ اگر بھگونے سے آپ کو زیادہ مقدار میں بادام کھانا آسان لگے، تو یہ دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بادام میں موجود غیر سیر شدہ چکنائی، ریشے اور وٹامن ای دل کی صحت کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں۔
4 - وزن کم کرنے میں مدد گار
غذائیت سے بھرپور اور متوازن غذا میں بھیگا ہوا بادام شامل کرنا وزن کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بادام کھانے سے جسم کی چربی میں ان میوؤں کے مقابلے میں زیادہ کمی واقع ہوتی ہے جو دیگر اقسام کے ہوتے ہیں۔ اگرچہ بھیگے ہوئے بادام اور وزن میں کمی کے درمیان براہِ راست تعلق پر تحقیق محدود ہے، مگر ایک مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ناشتے سے پہلے 10 گرام بھیگا ہوا بادام کم از کم 12 ہفتے تک کھانے سے وزن میں کمی کو سہارا مل سکتا ہے۔
5 - خون میں شکر کی سطح قابو میں رکھنے میں مدد گار
بادام کو اکثر خون میں گلوکوز کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت کے باعث سراہا جاتا ہے۔ یہ گلیسیمک انڈیکس میں کم شمار ہوتا ہے، فائبر اور نباتاتی پروٹین سے بھرپور ہے، اور میگنیشیم کا بہترین ذریعہ ہے ... جو گلوکوز کے میٹابولزم کو بہتر بنانے سے منسلک ہے۔ اگرچہ بھیگے ہوئے بادام پر تحقیق محدود ہے، لیکن ایک مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے استعمال سے جسم میں گلوکوز کو استعمال کرنے کے مختلف پہلوؤں میں بہتری آتی ہے۔
ضروری نہیں بادام کو کھانے سے پہلے بھگونا ضروری نہیں ہے، کیونکہ کچا بادام بھی وہی غذائی فوائد فراہم کرتا ہے جو بھیگا ہوا بادام دیتا ہے۔ تحقیق یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ فائیٹیٹس جیسے "اینٹی نیوٹرینٹس" کسی ایسے شخص کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتے جو متوازن غذا لیتا ہے۔
اگر آپ کو دانتوں میں حساسیت کا مسئلہ ہے، تو آپ کو بھیگا ہوا بادام چبانے میں آسان لگ سکتا ہے، اور جن افراد کا نظامِ ہضم حساس ہوتا ہے وہ بھیگا ہوا بادام کچے بادام کے مقابلے میں بہتر طور پر ہضم کر سکتے ہیں۔