یوگا نیند بہتر بنانے کے لیے سب سے مؤثر ورزش ہے: ماہرین
روزانہ 30 منٹ کی ورزش کے حیرت انگیز نتائج
ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یوگا کی باقاعدہ مشق نیند کی خرابیوں کو کم کرنے اور نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں دیگر تمام ورزشوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ہے۔
تحقیقی رپورٹ میں 30 مختلف تجربات کا تجزیہ کیا گیا جن میں ڈھائی ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔ یہ شرکا مختلف عمر کے ایسے لوگ تھے جو نیند کی کمی یا بے خوابی جیسے مسائل کا شکار تھے۔ چینی شہر ہاربن کی اسپورٹس یونیورسٹی کے محققین نے بتایا کہ اگر ہفتے میں دو بار 30 منٹ سے کم وقت کے لیے یوگا کیا جائے تو یہ نیند کی کمی کا بہترین علاج ثابت ہوسکتا ہے۔
واک اور مزاحمتی ورزش
تحقیق کے مطابق واک دوسری بہترین ورزش قرار دی گئی جبکہ مزاحمتی ورزش تیسرے نمبر پر رہے۔ ان ورزشوں کے مثبت اثرات صرف 8 سے 10 ہفتوں میں سامنے آ گئے۔
متضاد نتائج
یہ نتائج 2023ء کی ایک سابقہ تحقیق سے مختلف ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ ہفتے میں تین بار ایروبک یا درمیانی شدت کی ورزش نیند کے معیار میں سب سے زیادہ بہتری لاتی ہے۔ تاہم حالیہ تجزیے میں شامل ایک مطالعہ نے واضح کیا کہ یوگا کے اثرات دیگر ورزشوں کے مقابلے میں زیادہ نمایاں ہیں۔
یوگا کیوں مؤثر ہے؟
ماہرین کے مطابق یوگا کی شدت اور طریقہ کار مختلف ہوسکتا ہے، اسی لیے ہر تحقیق کے نتائج بھی مختلف نکلتے ہیں۔ یوگا دل کی دھڑکن کو تیز کرتا ہے، پٹھوں کو حرکت دیتا ہے اور سانسوں کے نظام کو منظم کرتا ہے۔ یہ عوامل اعصابی نظام کو آرام دینے اور ہاضمے کو بہتر بنانے میں مددگار ہوتے ہیں۔
کچھ مطالعات سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ یوگا دماغی لہروں کی سرگرمی کو متوازن کر کے گہری نیند میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ عمومی طور پر ورزش نیند کے لیے فائدہ مند ہے لیکن طویل المیعاد بنیادوں پر مختلف ورزشوں کے اثرات کا تقابلی مطالعہ اب بھی محدود ہے۔
اہم انتباہ
چین کی ہاربن اسپورٹس یونیورسٹی کے محققین نے خبردار کیا ہے کہ ان نتائج کو احتیاط سے لینا چاہیے کیونکہ شامل مطالعات کی تعداد محدود ہے اور ہر شخص کے جسم اور دماغ کی کیفیت مختلف ہوتی ہے۔ اس لیے یوگا کو نیند کی خرابی کے علاج کے کئی دستیاب آپشنز میں سے ایک بہترین انتخاب سمجھا جا سکتا ہے۔