سعودی عرب کی سکاؤٹس ایسوسی ایشن برائے حج میں چھ جڑواں نوجوان حج 2025 میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ یہ نوجوان پبلک سروس کیمپس کے زیر اہتمام کام کر رہے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' کے مطابق سول ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے سکاؤٹ گروپ سے وابستہ یہ جڑواں نوجوان عازمین حج کی خدمت کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔
حسام اور اسام سعید القرنی، عزام اور عمار سلیمان ، ولید اور مہند عبد الحکیم العتیبی وہ جڑواں نوجوان ہیں جو عازمین حج کی خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں۔
حسام اور عصام نے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے کہا 'ہمارے لیے سکاؤٹنگ صرف ایک سرگرمی نہیں ہے۔ ہم نے سکاؤٹنگ کا انتخاب زندگی کے راستہ کے طور پر کیا ہے اور ہم نے اسی یقین کے ساتھ اس کا انتخاب کیا ہے۔'
انہوں نے مزید کہا ہم بھائی اپنے ملک سے محبت کرنے کے جذبے کے ساتھ جوان ہوئے ہیں اور اس کا اظہار عازمین حج کی خدمت و رہنمائی کے ذریعے ہو رہا ہے۔
عزام اور عمار نے کہا 'حج کے موقع پر خدمات کی فراہمی کے ذریعے ہم نے تعاون و باہمی رشتے کو مضبوط کیا ہے۔'
عازمین حج کی خدمت کے ذریعے انہیں ہر طرح کی حفاظت و سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
ولید اور مہند عبدالحکیم نے اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا 'ہم آج صرف خدمات فراہم نہیں کر رہے ہیں۔ بلکہ ہم یہ بھی سیکھ رہے ہیں کہ ہجوم کو کس طریقے سے ہینڈل کیا جائے۔'