یمن سے حوثیوں کے حملے میں دو سعودی محافظ شہید
یمن کے سرحدی علاقے سے حوثی شیعہ باغیوں کے سعودی عرب کے علاقے میں حملے میں دو سرحدی محافظ شہید ہوگئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے جائنٹ فورسز کمانڈ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ شہید ہونے والے فوجیوں کے نام سارجنٹ علی مفرح حسن غزوانی اور سارجنٹ سروئی احمد آل سعید شہید ہیں اور وہ برّی فوج سے تعلق رکھتے ہیں''۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں فوجی جازان کے علاقے میں باغیوں کے حملوں میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔گذشتہ بدھ کو یمن کے ساتھ سرحدی علاقے میں گولہ باری سے ایک فوجی شہید ہوگیا تھا۔
سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد26 مارچ سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کے فضائی حملے کررہا ہے۔ان حملوں کے بعد سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں یمن کی جانب سے گولہ باری اور حوثی باغیوں کے ساتھ جھڑپوں میں باون افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ان میں زیادہ تر فوجی ہیں۔