سوڈان میں ڈچ سفیرہ نے دریائے نیل تیر کر عبور کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سوڈان میں ہالینڈ کی خاتون سفیر نے دریائے نیل تیر کر عبور کرنے کی 'مہم' سر کر لی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوشل میڈیا نیٹ ورک 'فیس بک' پر ڈچ سفارتخانے نے اعلان کیا تھا کہ دس ہزار افراد کی جانب سے "لائیکس' ملنے پر سفیرہ سوزن بلینک ہارٹ دریائے نیل تیر کر عبور کریں گی۔ اس اقدام کا مقصد ڈوب کر ہلاک ہونے کے واقعات اور خواتین کی حالت بہتر بنانے سے متعلق شعور بیدار کرنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 63 سالہ سوزن بلینک ہارٹ نے ہالینڈ میں پیراکی کے لئے مخصوص نارنجی رنگ کا لباس پہن رکھا تھا جس پر سفارتخانے کا لوگو بنا ہوا تھا۔ وہ سات ڈچ اور سات سوڈانی خواتین پیراکوں کے ہمراہ دریائے نیل کے پانی میں اتریں۔ دریا کے دونوں کناروں پر موجود افراد ان کی حوصلہ افزائی کے لئے نعرے لگاتے رہے۔

دریائے نیل پار کرنے کی مہم کے دوران سوڈانی پیراک اور غوطہ خور متعدد کشتیوں میں خواتین پیراکوں کے ہمراہ سفر کرتے رہے۔ دریا عبور کرنے پر سوزن بلینک ہارٹ نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ 'یہ کام بہت خوب رہا، میرا سب ہی کو دریائے نیل میں پیراکی کا مشورہ دوں گا۔'

بلینک ہارٹ نے سوڈان میں خواتین کی حالت بہتر بنانے اور دریائے نیل میں ڈوبنے کے خطرات کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لئے یہ مہم تجویز کی تھی، اس مہم کو سر کرنے کے لئے ان کی شرط تھی کہ ڈچ سفارتخانے کے فیس بک اکاونٹ کو دس ہزار افراد پسند کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں