.

اردن میں ایرانی سفیر طلب ،جبوتی کے ایران سے سفارتی تعلقات منقطع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اردن نے عمان میں متعیّن ایرانی سفیر کو طلب کرکے ان سے تہران میں سعودی سفارت خانے پر حملے اور عرب امور میں ایرانی مداخلت پر سخت احتجاج کیا ہے جبکہ عرب لیگ کے رکن ملک جبوتی نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق جبوتی کے وزیر خارجہ محمود علی ویسف نے بدھ کو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات توڑ دیے ہیں۔اردن کی بطرا نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ''اردنی حکومت نے سفیر سے ایران کی عرب ریاستوں کے داخلی امورمیں مداخلت کی مذمت کی ہے اور عودی عرب کے داخلی امور میں دراندازی کے آئینہ دار ایرانی بیانات کو بھی مسترد کردیا ہے''۔

اردنی حکومت نے ایرانی سفیر پر واضح کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی حکومت کو اردن کے مؤقف سے آگاہ کردیں۔سعودی عرب میں ایک شیعہ مبلغ نمر النمر کا ہفتے کے روز بغاوت اور دہشت گردی کے جُرم میں سرقلم کیے جانے کے بعد سے ایران اور عرب ممالک کے درمیان تلخی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔

ایرانی قائدین اور عوام نے شیعہ مبلغ کا سرقلم کیے جانے پر غیرمعمولی طورپر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ایسا کرتے ہوئے بین الاقوامی سفارتی آداب اور اقدار کو بھی نظرانداز کردیا ہے۔تہران میں مشتعل مظاہرین نے اتوار کو علی الصباح سعودی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا تھا اور اس کو آگ لگا دی تھی۔اس واقعے کے بعد مشہد میں سعودی قونصل خانے پر حملہ کیا گیا تھا۔ان حملوں کے ردعمل میں سعودی عرب نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے اور تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔

خلیجی عرب ریاست بحرین نے بھی سوموار کو ایران کے ساتھ سفارتی روابط منقطع کرلیے تھے اور ایرانی سفیر کو ملک چھوڑنے کے لیے اڑتالیس گھنٹے کا وقت دیا تھا۔بحرین نے سعودی عرب کی طرح ایران پر علاقائی ممالک کے داخلی امور میں مداخلت کی مذمت کی تھی اور ایران پر القاعدہ سمیت دہشت گرد گروپوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔

سعودی سفارت خانے پر حملے کے بعد سوڈان نے بھی خرطوم سے ایرانی سفیر کو بے دخل کردیا ہے اور ایران کی خطے میں مداخلت کی مذمت کی ہے۔متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کا درجہ گھٹا دیا ہے اور اپنی سرزمین پر ایرانی سفارت کاروں کی تعداد کم کرنے کے لیے کہا ہے۔سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ تنازعے اور سعودی سفارت خانے پر مشتعل مظاہرین کے حملے کے بعد کویت نے بھی منگل کے روز تہران میں متعیّن اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔